اسلام آباد میٹرو پولیٹن کارپوریشن نے مالی سال2017-18ء کیلئے ایم سی آئی کے 8 ارب 87 کروڑ کے غیر ترقیاتی بجٹ کی منظوری دیدی

منگل 20 جون 2017 17:54

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جون2017ء) اسلام آباد میٹرو پولیٹن کارپوریشن نے مالی سال2017-18 کے لیے ایم سی آئی کے آٹھ ارب 87 کروڑ کے غیر ترقیاتی بجٹ کی منظوری دے دی۔ یہ منظوری میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد (ایم سی آئی) کے خصوصی اجلاس میں دی گئی۔ اجلاس کی صدارت اسلام آباد کے میئر شیخ انصر عزیز نے کی۔ میٹرو پولیٹین کارپوریشن اسلام آباد کی طرف سے منظور کئے جانے والے بجٹ کو وفاقی حکومت کو حتمی منظوری کے لیے بھیجا جائے گا۔

اس موقع پر میٹرو پولیٹین کارپوریشن اسلام آباد کے تمام ممبران نے پیش کئے جانے والے بجٹ پر تفصیلی بحث کی۔ میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں بلدیاتی نظام کے نفاذ کا سہرا وزیراعظم پاکستان محمد نواز شریف کے سر ہے جنہوں نے ذاتی دلچسپی لیکر نہ صرف اسلام آباد کے دیہی اور شہری علاقوں میں ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ بلدیاتی الیکشن کرائے بلکہ میئر اسلام آباد کو سی ڈی اے کی سربراہی سونپ کر عوامی نمائندوں پر اپنے بھر پور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں ہونے والے بلدیاتی الیکشن میں ملک کے دیگر شہروں اور اسلام آباد میں بنیادی فرق یہ ہے کہ اسلام آباد میں منتخب نمائندوں کو اختیار ات دینے کا پہلی مرتبہ تجربہ کیا گیا ہے جس کے نتیجے میں میٹرو پولیٹین کارپوریشن اسلام آباد (ایم سی آئی) وجود میں آئی ہے تاہم انہوں نے کہا کہ نیا ادارہ ہونے کی وجہ سے ہمیں مشکلات کا سامنا کرنا پٹر رہا ہے مگر حکومت کی دلچسپی کے باعث ہم نے واضح روڈ میپ تیار کر لیا ہے جس پر عملدرآمد کر کے اسلام آباد کو ماڈل شہر بنایا جائے گا۔

میئراسلام آباد شیخ انصر عزیز نے کہا کہ میٹرو پولیٹین کارپوریشن کے ترقیاتی بجٹ کے لیے بھی وفاقی حکومت سے درخواست کی جا رہی ہے اور وفاقی حکومت سے ترقیاتی بجٹ ملنے کے بعد اسلام آباد کی تمام یونین کونسلز میں بلا امتیاز ترقیاتی کاموں کا جال بچھایا جائے گا۔ 8878 ملین روپے کے غیر ترقیاتی بجٹ میں میٹرو پولیٹین کارپوریشن اسلام آباد کے افسران کے لیے تنخواہ اور الائونسسز کی مدمیں902 ملین روپے، چھوٹے ملازمین کی تنخواہوں اور الائونسسز کے لیے 3228 ملین روپے، پنشن،ڈیلی ویجزملازمین، کنٹریکٹ ملازمین اور عید / ایسٹر الائونس کے لیے 1688 ملین روپے جبکہ باقیماندہ بجٹ عمومی اخراجات کے لیے مختص کیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :