ملک کی اندرونی و بیرونی سیکیورٹی کو یقینی بنانے میں سول آرمڈ فورسز کی قربانیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہیں،چودھری نثار علی خان

خیبر پختونخواہ میں امن و امان کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے فرنٹیئر کانسٹیبلری کے افسروں اور جوانوں کی گرانقد خدمات کی قوم قدر کرتی ہے، وفاقی وزیرداخلہ کی کمانڈنٹ ایف سی کیپٹن (ر) لیاقت علی خان سے گفتگو

منگل 20 جون 2017 17:59

ملک کی اندرونی و بیرونی سیکیورٹی کو یقینی بنانے میں سول آرمڈ فورسز ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جون2017ء) وفاقی وزیرداخلہ چودھری نثار علی خان نے کہا کہ ملک کی اندرونی و بیرونی سیکیورٹی کو یقینی بنانے میں سول آرمڈ فورسز کی قربانیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہیں، خیبر پختونخواہ میں امن و امان کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے فرنٹیئر کانسٹیبلری کے افسروں اور جوانوں کی گرانقد خدمات کی قوم قدر کرتی ہے۔

منگل کو وفاقی وزیرداخلہ چودھری نثار علی خان نے یہ بات کمانڈنٹ فرنٹیئر کانسٹیبلری کیپٹن (ریٹائرڈ) لیا قت علی خان سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔ملاقات میں فرنٹیئر کانسٹیبلری سے متعلقہ پیشہ وارانہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ ملک کی اندرونی و بیرونی سیکیورٹی کو یقینی بنانے میں سول آرمڈ فورسز کی قربانیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہیں، خیبر پختونخواہ میں امن و امان کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے فرنٹیئر کانسٹیبلری کے افسروں اور جوانوں نے جو گرانقد خدمات سرانجام دی ہیں پوری قوم ان کی قدر کرتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پچھلے تین سالوں میں فرنٹیئر کانسٹیبلری کی کارکردگی میں واضح بہتری آئی ہے جس کا کریڈٹ موجودہ کمانڈنٹ کے سر ہے، انہوں نے کہا کہ فرنٹیئر کانسٹیبلری کی جانب سے گزشتہ ایک سال میںایک ارب کی بچت کی گئی ہے جو کہ فورس لیڈرشپ کی مثبت پالیسیوں کی مظہر ہے، انہوں نے کہا کہ جدید دور میں سیکیورٹی کے نئے تقاضوں سے نمٹنے کیلئے ضروری ہے کہ ایف سی کے جوانوں کی تعلیم و تربیت پر خصوصی توجہ دی جائے اور روایتی تربیت کے ساتھ ساتھ انکی تکنیکی صلاحیتوں میں بھی اضافہ کیا جائے۔