کرکٹ کے قومی ہیروز کی واپسی ،ائیرپورٹ پربابراعظم،حسن علی،فہیم اشرف اوراحمد شہزاد کا شاندار استقبال

روایتی حریف بھارت کے خلاف شاندار کامیابی حاصل کر کے قومی ہیروز نے نئی تاریخ رقم کی ہے‘صوبائی وزیر سکولز رانا مشہود

منگل 20 جون 2017 19:56

کرکٹ کے قومی ہیروز کی واپسی ،ائیرپورٹ پربابراعظم،حسن علی،فہیم اشرف ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جون2017ء) صوبائی وزیرسکولز ایجوکیشن رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ روایتی حریف بھارت کے خلاف شاندار کامیابی حاصل کر کے قومی ہیروز نے نئی تاریخ رقم کی ہے اور پوری قوم کو کرکٹ ٹیم کی کامیابی پر فخر ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے علی الصبح لاہور ائیرپورٹ پر قومی ہیروز کی وطن واپسی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

چیمپئنز ٹرافی جیتنے کے بعد واپس آنے والے قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں بابر اعظم‘ حسن علی‘ احمد شہزاد اور فہیم اشرف کالاہور واپسی پر صوبائی وزیررانا مشہود احمد خاں نے وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی نمائندگی کرتے ہوئے قومی ہیروز کا شاندار استقبال کیا۔ اس موقع پر شہریوں کی بڑی تعداد بھی لاہور ایئرپورٹ پرموجود تھی۔

(جاری ہے)

کھلاڑیوں کو لاہورائیر پورٹ پر گارڈ آف آنربھی پیش کیاگیا۔

ائرپورٹ کی فضائیں پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونجتی رہیں۔ قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں اور ہار پہنائے گئے۔ اس موقع پر زندہ دل لاہور ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالتے رہے۔ کرکٹ کھلاڑیوں کے استقبال کے موقع پر صوبائی وزراء میاں مجتبیٰ شجاع الرحمٰن،بلال یٰسین،سید رضا علی گیلانی اور جہانگیر خانزادہ بھی موجود تھے۔