پنجاب حکومت کی جانب سے دی جانیوالی گرانٹ پر وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے انتہائی مشکو ر ہیں‘خلیل طاہر سندھو

اقلیتی ہسپتالوں میں علاج معالجہ کی بہترین سہولیات کی فراہمی پنجاب حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے‘صوبائی وزیر

منگل 20 جون 2017 22:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جون2017ء) صوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور خلیل طاہر سندھو نے کہا ہے کہ صوبہ بھر میں ہسپتالوں میں علاج معالجہ کی بہترین سہولیات کی فراہمی اور جدید طبی آلات و مشینری کی دستیابی وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔ اقلیتوں کے ہسپتالوں کے لئے پنجاب حکومت کی جانب سے دی جانیوالی گرانٹ پر وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے انتہائی مشکو ر ہیں۔

ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر نے اقلیتی ہسپتالوں کی ترقیاتی اسکیموں کے لئے ضلع بھر سے آئے ہوئے مختلف ہسپتالوں کے ایم ایس صاحبان کو چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر ایم پی ایز کانجی رام،طارق مسیح گل،شہزاد منشی،شکیل ایون ،رمیش سنگھ اروڑا،چوہدری ذوالفقار، سیکرٹری انسانی حقوق عاصم جان، مختلف ہسپتالوں کے ایم ایس صاحبان اور میڈیا نمائندگان کی بڑی تعداد موجود تھی۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے کہا کہ اقلیتوں کی فلاح و بہبود اور علاج معالجہ کی بہترین سہولتوں کے حوالے سے آج تاریخی دن ہے،اقلیتو ں کے مشریز ہسپتالوں میں بہت سے مسائل ہیں اور حکومت کی جانب سے اقلیتوں میں احساس محرومی کر ختم کر نے کے لئے خصوصی گرانٹ دی گئی ہے تاکہ عام آدمی کو بھی علاج معالجہ کی بہترین سہولیا ت کی فراہمی یقینی بنائی جاسکے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب سے گزارش کی ہے کہ اگلے بجٹ میں اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے لئے مزید گرانٹ کا اجراء کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ اس سال بجٹ میں سے چیف منسٹر،ہیلتھ اور ٹیکنیکل کمیٹی انسانی حقوق کی جانب سے منظو ر کیئے جانیوالے بجٹ میں سے یونائیٹیڈ کرسچن ہسپتال اور جانکی دیوی ہسپتال لاہور کو بالترتیب5کروڑ 61لاکھ اور1کروڑ 3لاکھ روپے،فاطمہ ہسپتال یونیورسٹی روڈ،سرگودھا کو1کروڑ 4لاکھ ،75ہزارر وپے،میموریل کرسچن ہسپتال ،پارس روڈ سیالکوٹ کو80لاکھ جبکہ کرسچن ہسپتال،ٹیکسلا راولپنڈی کو 2کروڑ 30لاکھ روپے فراہم کئے جا رہے ہیں تاکہ اقلیتی برادری کی فلاح و بہبود اور ترقیاتی اسکیموں پر خرچ کئے جا سکیں۔تمام ہسپتالوں کے ایم ایس صاحبان نے وزیراعلیٰ پنجاب اور وزیر انسانی حقوق خلیل طاہر سندھو کا اس تاریخی اقدام پر شکریہ ادا کیا۔