ملتان اورگردونواح میں طوفان وبادوباراں سے نظام زندگی درہم برہم

منگل 20 جون 2017 22:56

ملتان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جون2017ء) ملتان اورگردونواح میں منگل کی شام طوفان وبادوباراں سے زندگی کانظام درہم برہم ہوگیا۔آندھی اورطوفانی بارش کاسلسلہ شام 5بجے شروع ہواجووقفہ وقفہ سے رات گئے تک جاری رہا۔96.6کلومیٹرکی رفتارسے چلنے والی آندھی سے کئی درخت ،سائن بورڈ اوربجلی کے کھمبے اکھڑ گئے اورکئی گھروں کی چھتیں بھی گرگئیں،تاہم ابھی فوری طورپرکسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

(جاری ہے)

بجلی کے تارٹوٹنے اورٹرانسفارمرخراب ہونے کے ساتھ ساتھ میپکو کے 200فیڈرزبھی ٹرپ کرگئے جس کے نتیجے میں شہراورگردونواح کے علاقوں میں برقی روکی فراہمی معطل ہوگئی ۔اورکئی علاقے اندھیرے میں ڈوب گئے ۔شدید بارش کے نتیجے میں سڑکوں پرپانی جمع ہوگیااورکئی نشیبی علاقوں میں پانی لوگوں کے گھروں میں داخل ہوگیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق ملتان میں33ملی میٹر بارش ریکارڈکی گئی اورآئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملتان اورگردونواح میں گرج چمک کے ساتھ بارش کاامکان ہے ۔میپکوترجمان کے مطابق مختلف علاقوں میں بجلی کی بحالی کاکام شروع کردیاگیاہے ۔دوسری جانب واساکاعملہ ہنگامی بنیادوں پرنکاسی آب کی کوششوں میں مصروف ہے۔

متعلقہ عنوان :