غزہ کے مریضوں کو دوسرے شہروں میں علاج کیلئے سفری اجازت نہ دینا ان کا قتل عام ہے،فلسطینی عوامی وسماجی حلقے

بدھ 21 جون 2017 14:16

غزہ کے مریضوں کو دوسرے شہروں میں علاج کیلئے سفری اجازت نہ دینا ان کا ..
غزہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جون2017ء) فلسطین کے عوامی اور سماجی حلقوں نے رام اللہ اتھارٹی کی جانب سے غزہ کی پٹی کے مریضوں کو دوسرے شہروں میں علاج کیلئے سفری اجازت سلب کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے مریضوں کا قتل عام قرار دیا ہے۔اطلاعات کے مطابق غزہ کی پٹی میں عوامی مہم برائے’غزہ بچاؤ‘ کی جانب سے ایک احتجاجی مظاہریکا اہتمام کیا گیا۔

مظاہرے میں سینکڑوں فلسطینی شہریوں اور مریضوں کے اقارب نے شرکت کی۔ عوامی مہم برائے غزہ بچاؤ کی طرف سے ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا گیا کہ فلسطینی اتھارٹی کے وزارت صحت نے غزہ کے مریضوں کیساتھ انتقامی پالیسی اپنا رکھی ہے۔ غزہ کے مریضوں کو فلسطین کے دوسرے شہروں میں علاج کیلئے سفر کی اجازت دینے سے انکار بالعموم تمام مریضوں بالخصوص سرطان کے مریضوں کو سزائے موت دینے کے مترادف ہے۔

(جاری ہے)

غزہ کی پٹی میں وزارت صحت کے شعبہ بیرون ملک علاج کے سامنے پریس کانفرنس سے خطاب میں عوامی مہم کے کارکنان نے مریضوں کیساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی اتھارٹی فلسطینی مریضوں کیساتھ کھڑے ہونے اور ان کے علاج میں مدد کے بجائے انہیں علاج کی بنیادی سہولیات ہی سے محروم کررہی ہے۔عوامی مہم کے کارکنان نے عالمی برادری، عرب ممالک، انسانی حقوق کی تنظیموں اور عالم اسلام سے بھی اپیل کی کہ وہ غزہ کی پٹی کے مریضوں کے علاج معالجے میں ہرممکن مدد فراہم کریں، ان کا کہنا تھا کہ غزہ کی پٹی میں جہاں ایک طرف اسرائیل اور فلسطینی اتھارٹی کی پابندیوں سے ہسپتالوں میں مریضوں کو مشکلات کا سامنا ہے وہیں اسپتالوں میں ادویہ کی بھی شدید قلت پائی جا رہی ہے۔

متعلقہ عنوان :