چیمپئنز ٹرافی کا مستقبل ایک بار پھر غیر یقینی صورتحال کا شکار، آئی سی سی کا ایونٹ کو ختم کر کے ہر دو برس بعد ورلڈ ٹی ٹونٹی کپ منعقد کرنے پر غور

بدھ 21 جون 2017 15:53

چیمپئنز ٹرافی کا مستقبل ایک بار پھر غیر یقینی صورتحال کا شکار، آئی ..
دبئی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جون2017ء) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ایک بار پھر ہر دو برس بعد ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ منعقد کرنے کی خاطر چیمپئنز ٹرافی کو ختم کرنے کے امکان پر غور شروع کر دیا۔ رواں برس انگلینڈ میں منعقدہ چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان نے روایتی حریف بھارت کو فیصلہ کن معرکے میں شکست دے کر چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

آئی سی سی کے چیف ڈیو رچرڈسن نے اپنے بیان میں کہا کہ ہم ہر فارمیٹ کا صرف ایک ہی عالمی ایونٹ کا انعقاد اور تمام فارمیٹس میں اپنے عالمی ایونٹس ایک دوسرے سے مختلف رکھنا چاہتے ہیں، اس وقت اگلی چیمپئنز ٹرافی بدستور بھارت میں 2021 میں شیڈول ہیں لیکن ٹی ٹونٹی کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کی وجہ سے ہم اسے ختم کر کے چار سال کے دورانیے میں دو ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے انعقاد پر غور کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

اگر ایسا ہوا تو پھر چیمپئنز ٹرافی کی جگہ ایک اضافی ورلڈ ٹی 20 لے لے گا۔ انہوں نے کہا کہ حقیقت تو یہ ہے کہ ٹی ٹونٹی کرکٹ زیادہ مقبول اور اس سے ٹی وی کمپنیز کو زیادہ ریونیو بھی حاصل ہوتا ہے مگر اس کے ساتھ ہمارا مقصد زیادہ سے زیادہ ٹیموں کو عالمی ایونٹ میں شرکت کا موقع فراہم کرنا ہے، ایک ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں 16 یا 20 ٹیمیں بھی شریک ہوسکتی ہیں، یہ ایک ایسی چیز ہے جس پر ہم غور کررہے ہیں، ون ڈے ورلڈ کپ میں پہلے ہی ہم ٹیموں کو 10 تک محدود کرچکے جس سے اس میں زیادہ مسابقتی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی اور مجموعی طور پر ٹورنامنٹ کا معیار بھی بہتر ہوگا۔

یاد رہے کہ اس سے قبل بھی چیمپئنز ٹرافی کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا، تب آئی سی سی اس کی جگہ ٹیسٹ چیمپئن شپ شروع کرنے کی خواہاں تھی تاہم براڈ کاسٹر نے مخالفت کردی تھی جبکہ بھارت سمیت کچھ دوسرے بورڈز بھی اس ٹورنامنٹ کو ختم کرنے کے حق میں نہیں تھے، اسلئے 2009ء کے بعد 2013 اور 2017ء میں بھی اس کا انعقاد ہوا۔ چیمپئنز ٹرافی کا حالیہ ایڈیشن پاکستان کی کامیابی کے ساتھ اختتام پزیر ہوا، حسب توقع اس بار بھی اس ٹورنامنٹ نے بے مثال کامیابی حاصل کی تاہم اس ٹورنامنٹ کی ورلڈ کپ سے حد سے زیادہ مماثلت کی وجہ سے اس کے مستقبل پر ایک بار پھر غیریقینی کے بادل منڈلانے لگے ہیں کیونکہ اس ٹورنامنٹ میں ٹاپ 8 اور ورلڈ کپ میں ٹاپ 10 ٹیمیں شریک ہوں گی۔

اس لیے مستقبل میں چیمپئنز ٹرافی کا خاتمہ کرتے ہوئے ہر دو برس بعد ورلڈ ٹوئنٹی 20 کے انعقاد کو یقینی بنایا جاسکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :