گودام ، مکان کی بوسیدہ چھتیں گرنے سے تین افراد جاں بحق ،بچوں ‘ خاتون سمیت 7افراد زخمی

سریے کے گودام کی چھت گرنے سے پانچ مزدور ملبے تلے دب گئے ،تین ہسپتال میں دم توڑ گئے ،دو کا علاج جاری باگڑیاں کے علاقہ میں مکان کی چھت گرنے سے میاں بیوی ، بچے ملبے تلے دب گئے ،جناح ہسپتال منتقل کر دیا گیا

بدھ 21 جون 2017 21:06

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جون2017ء) مانگا منڈی اور گرین ٹائون میں بارش سے گودام اور مکان کی بوسیدہ چھتیں گرنے سے تین افراد جاں بحق جبکہ بچوں اور خاتون سمیت 7افراد شدید زخمی ہو گئے جنہیں طبی امداد کیلئے ہسپتال داخل کرا دیاگیا ۔ بتایاگیا ہے کہ رائے ونڈ مانگا منڈی روڈ پر سریے کے گودام کی بوسیدہ چھت زور دار دھماکے سے نیچے آ گری جس سے پانچ مزدور ملبے تلے دب گئے ۔

(جاری ہے)

اطلاع ملنے پر اہل علاقہ اور ریسکیو 1122سمیت دیگر امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں جنہوںنے ملبہ ہٹا کر 5مزدوروں کو نیچے سے نکال کر تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کیا جہاں تین مزدور ندیم ، سلیم اور حنیف زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے جبکہ دو کو طبی امداد دی جارہی ہے ۔ بعد ازاں لاشوں اور زخمیوں کو جناح ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔ گرین ٹائون میں باگڑیاں کے علاقہ میں بوسیدہ مکان کی چھت گرنے سے میاں بیوی اور بچے ملبے تلے دب گئے ۔ اہل علاقہ اور امدادی ٹیموں نے ملبہ ہٹا کرتمام زخمیوں کو باہر نکال کر جناح ہسپتال منتقل کر دیا جہاں انہیں طبی امداد دی جارہی ہے۔