کراچی کو اے ٹی ایم مشین سمجھ کر لوٹا جا رہا ہے سفاری پارک کی اربوں روپے کی زمین کو کوڑیوں کے داموں میں فروخت کی جا رہی تھی، میئر کراچی وسیم اختر

سفاری پارک کی زمین کے بیچنے کا معاملہ میڈیا نے اٹھایا تو وزیر اعلیٰ سندھ نے نوٹس لیتے ہوئے الاٹمنٹ آرڈر منسوخ کیا ایسے افسران جن کے پاس ایک سے زیادہ گاڑیاں ہیں وہ ہمارے ساتھ تعاون کرتے ہوئے اضافی گاڑیاں فوری طور پر وہیکل ڈپارٹمنٹ میں جمع کرادیں

بدھ 21 جون 2017 23:18

کراچی کو اے ٹی ایم مشین سمجھ کر لوٹا جا رہا ہے سفاری پارک کی اربوں روپے ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جون2017ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ کراچی کو اے ٹی ایم مشین سمجھ کر لوٹا جا رہا ہے سفاری پارک کی اربوں روپے کی زمین کو کوڑیوں کے داموں میں فروخت کی جا رہی تھی میڈیا نے معاملہ اٹھایا تو وزیر اعلیٰ سندھ نے نوٹس لیتے ہوئے الاٹمنٹ آرڈر منسوخ کیا جو یقینا ایک احسن اقدام ہے جس کو ہم سراہتے ہیں ایسے افسران جن کے پاس ایک سے زیادہ گاڑیاں ہیں وہ ہمارے ساتھ تعاون کرتے ہوئے اضافی گاڑیاں فوری طور پر وہیکل ڈپارٹمنٹ میں جمع کرادیں تاکہ واپس کی جانے والی گاڑیاں کمیٹیوں کے چیئرمینز اور دیگر افسران کو دی جاسکیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی جانب سے کے ایم سی اسپورٹس کمپلیکس میں دیئے گئے دعوت افطار کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ڈپٹی میئر کراچی ڈاکٹر ارشد عبداللہ وہرہ، ضلع شرقی کے چیئرمین معید انور، وائس چیئرمین عبدالرئوف خان، میونسپل کمشنر حنیف محمد مرچی والا، مشیر مالیات خالد محمود شیخ، صوبائی اسمبلی میں ایم کیو ایم کے نامزد امیدوار کامران ٹیسوری، سٹی کونسل میں قائد ایوان اسلم خان آفریدی، اے این پی کے پارلیمانی لیڈر عالم زیب الائی ، فنانس کمیٹی کے چیئرمین ندیم ہاشمی، قانونی امور کمیٹی کے چیئرمین عارف خان ایڈوکیٹ ، میڈیا مینجمنٹ کی چیئرپرسن صبحین غوری، ہیلتھ کمیٹی کی چیئرپرسن ناہید فاطمہ، میڈیا سے وابستہ چیدہ چیدہ افراد ، شہر کی سیاسی ، سماجی، علمی، ادبی و کاروباری اور زندگی کے مختلف شعبوں سے وابستہ شخصیات سمیت افسران کی بڑی تعداد موجود تھی، میئر کراچی نے کہا کہ گزشتہ آٹھ سالو ںمیں بلدیاتی قیادت کی عدم موجودگی میں بلدیاتی اداروں سمیت شہر کا حشر بگاڑ کررکھ دیا گیا اس بگاڑ کو دور کرنے کے لئے اور کراچی کی ترقی و تعمیر کیلئے ہر ایک شہری کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں ہمیں یہ عہد کرنا ہوگا کہ ہم اپنی ذمہ داریوں کو بحسن خوبی نبھانے کیلئے ہرممکن کوشش کریں گے انہوں نے شہریوں نے درخواست کی کہ وہ شب قدر اور جمعة الوداع کے موقع پر شہر کے امن و امان ، ترقی و خوشحالی اور تعمیر و ترقی کے لئے خصوصی دعائیں کریں۔

(جاری ہے)

میئر کراچی نے میڈیا کے تعاون اور حمایت پر وہاں موجود صحافی برادری کا شکریہ ادا کیا۔