اعلیٰ تعلیم کے فروغ سے ترقی اور سماج میں جدت لائی جا سکتی ہے،گورنر سندھ

بدھ 21 جون 2017 23:25

اعلیٰ تعلیم کے فروغ سے ترقی اور سماج میں جدت لائی جا سکتی ہے،گورنر سندھ
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جون2017ء) گورنر سندھ/ چانسلر محمد زبیر نے کہا ہے کہ جدید علوم ، اعلیٰ تعلیم ، عصری تقاضوں سے ہم آہنگ نصاب ، تحقیق اور جدید ٹیکنالوجی سے متعلق آگاہی و عبورحاصل کرنے سے معیشت ، زراعت ، ماہی گیری و لائیو اسٹاک سمیت دیگر شعبوں میں تیز رفتار ترقی اور سماج میں جدت لائی جا سکتی ہے اس ضمن میں جامعات پر اہم ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ عصری جدت کے مطابق تحقیق پر مبنی اعلیٰ تعلیم کو فروغ دیں۔

بدھ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہائوس میں جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طارق رفیع سے ملاقات میں کیا۔ ملاقات میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ ، عصری تحقیقی نصاب کی تیاری اور اہمیت ، یونیورسٹی کو درپیش مسائل اور پروفیسرز و اساتذہ کے مسائل سمیت اہمیت کے حامل دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔

(جاری ہے)

چانسلر محمد زبیر نے کہا کہ صوبہ میں ڈاکٹر ز کی تعدا د آبادی کے تناسب سے بہت کم ہے باالخصوص دور دراز علاقوں میں ڈاکٹرز کے ساتھ ساتھ خواتین ڈاکٹرز کی تعداد میں اضافہ اشد ضروری ہے ، جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی ڈاکٹرز کی کمی کو پورا کرنے میں معاون ثابت ہو رہی ہے ، حکومت یونیورسٹی کے مسائل اور اسے ترقی دینے کے لئے پرعزم ہے۔ دریں اثنا ء گورنر سندھ محمد زبیر سے آئی بی اے ڈین/ ڈائریکٹر ڈاکٹر فرخ اقبال نے گورنر ہائوس میں ملاقات کی۔

ملاقات میں انسٹیٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن کے دائرہ کو مزید وسعت دینے اور اعلیٰ تعلیم کے فروغ میں آئی بی اے کی کارکردگی سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ گورنر سندھ نے کہا کہ اعلیٰ تعلیم کے ضمن میں آئی بی اے کی کارکردگی زبردست رہی ہے ادارہ کو مزید وسعت دینا وقت کی اہم ضرورت ہے ،آئی بی اے بزنس ایڈمنسٹریشن میں اعلیٰ معیار کے نوجوان تیار کرنے والا سرفہرست ادارہ بن گیا ہے جس کا تعلیمی معیار اپنی مثال آپ ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئی بی اے طرز پر دیگر اداروں کو فروغ دینے کے لئے آئی بی اے کے مستند اساتذہ کا تجربہ اہمیت کا حامل ہے اس ضمن میں حکومت دیگر اداروں کو بھی فعال کرے گی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم پاکستان اسکیم کے تحت پوزیشن ہولڈرز میں لیپ ٹاپ کی تقسیم سے طلبہ کو اعلیٰ ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ حاصل کرنے کا زبردست موقع ملا ہے ، لیپ ٹاپ کے نتائج کو مدنظر رکھتے ہوئے وفاقی حکومت نے اعلیٰ تعلیم کے دوسرے سیمسٹر میں تعلیم حاصل کرنے والے تمام طلبہ کو بھی لیپ ٹاپ دینے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ طلبہ جدید ٹیکنالوجی کے حصول سے استفاد ہ اٹھائیں ۔ انہوں نے کہا کہ رواں بجٹ میں بھی اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لئے بھاری رقم مختص کی۔

متعلقہ عنوان :