اسرائیل کی ایماء پر فلسطین میں مسلمانوں پر بدترین ظلم ہورہاہے،قونصل جنرل ایران احمدمحمدی

بدھ 21 جون 2017 23:29

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 جون2017ء) ایران کے کراچی میں متعین قونصل جنرل احمدمحمدی کی جانب سے مختلف مکاتب فکرکے علماء کرام اور صحافیوں کے اعزازمیں افطار ڈنر کا اہتمام کیاگیا،جس میں جمعیت علماء پاکستان سندھ کے صدر علامہ سید عقیل انجم قادری ،کراچی ڈویژن کے صدر علامہ قاضی احمدنورانی، متحدہ علماء محاذ پاکستان کے بانی وسیکریٹری جنرل مولانامحمدامین انصاری،محمدشکیل قاسمی، جماعت اسلامی کے رہنمامظفرہاشمی،حافظ نعیم الرحمان، مولانامرتضیٰ خان رحمانی، علامہ سید جہانزیب سبزواری، مولاناانوارحمیدی، مولانااسدالحق، اسفندیارخان، قومی امن کمیٹی برائے بین المذاہب ہم آہنگی کے وائس چیئرمین محمداکرم،مرزامظاہرحسین ہاشمی،فلسطین فائونڈیشن کے صابرکربلائی،یونس بارائی،محمداظہر،فہدعلی جبکہ قاضی اسدعابد، فہیم صدیقی، عابدحسین، مبشرمیر،شبیر شاہ سمیت صحافیوں کی بڑی تعدادنے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر علماء کرام کاشکریہ اداکرتے ہوئے قونصل جنرل احمدمحمدی نے کہاکہ اسرائیل کے ایماء پر فلسطین میں مسلمانوں پر بدترین ظلم ہورہاہے مگر مسلم ممالک کی قیادت خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔انہوں نے کہاکہ وقت آگیاہے کہ مسلم قیادت نہ صرف فلسطین کے مسلمانوں سے اظہاریکجہتی کرے بلکہ ابلیسی قوتوں کے خلاف متحدہوکر دنیاکے دیگر مسلم ممالک میں ہونے والے مظالم کے خلاف آوازبلندکرے۔

قونصل جنرل احمدمحمدی نے اپنے خطاب میں مزیدکہاکہ رمضان المبارک اللہ کامہینہ ہے اور یہ دوسرے انسانوں سے بھلائی اور ہمدردی کا درس دیتاہے اگر ہم اسلام کی ان اعلیٰ وارفع تعلیمات پر عمل نہ کریں تو اللہ کی ناراضگی مول لینے والی بات ہوگی اور اللہ کو ناراض کرنے والا بڑابدقسمت انسان ہوتاہے۔انہوں نے کہاکہ بدقسمتی سے اسلام کی روشن تعلیمات کے برعکس ایک مخصوص گروہ نے اسلام کے نام پر دوسرے انسانوں سے غیر انسانی سلوک اپنایاہواہے،دوسری جانب عالمی قوتوں اور نام نہادمسلم قیادت نے فلسطین سمیت دنیاکے دیگر ممالک یمن ،شام، عراق ،افغانستان اور کشمیر میں مسلمانوں پر ہونے والے مظالم پر آنکھیں بندکی ہوئی ہیں۔

تقریب سے علامہ سید عقیل انجم قادری، مظفرہاشمی اور حافظ نعیم الرحمان نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر علامہ سید جہانزیب سبزواری نے مغرب کی اذان دی اور علامہ قاضی احمد نورانی کی اقتدا ء میں نماز مغروب ادا کی گئی۔

متعلقہ عنوان :