پاکستان اور فرانس نے پائیدار انرجی سیکٹر ریفارم پروگرام کیلئے 10 کروڑ یورو کریڈٹ سہولت کے معاہدہ پر دستخط کر دیئے،معاہدے کے پاکستان میں اقتصادی ترقی پر براہ راست اثرات مرتب ہوں گے،وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار

بدھ 21 جون 2017 23:41

پاکستان اور فرانس نے پائیدار انرجی سیکٹر ریفارم پروگرام کیلئے 10 کروڑ ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جون2017ء) پاکستان اور فرانس نے پائیدار انرجی سیکٹر ریفارم پروگرام کیلئے 10 کروڑ یورو کریڈٹ سہولت کے معاہدہ پر دستخط کر دیئے۔ سیکرٹری اکنامک افیئر ڈویژن طارق محمود پاشا، فرانس کے قائم مقام سفیر رینے کونسلو اور فرانسیسی ایجنسی برائے ڈویلپمنٹ کے کنٹری ڈائریکٹر مسٹر جیکی ایمپرو نے بدھ کو معاہدہ پر دستخط کئے۔

اس پروگرام کیلئے ایشیائی ترقیاتی بینک نے بھی شراکتی سرمایہ کے ضمن میں 30 کروڑ ڈالر کی منظوری دی ہے۔ وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے معاہدہ پر دستخطوں کے بعد اکنامک افیئر ڈویژن اور فرانسیسی ایجنسی برائے ڈویلپمنٹ کو مبارکباد دی۔ انہوں نے توانائی کے شعبہ میں اصلاحات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سے پاکستان میں اقتصادی ترقی پر براہ راست اثرات مرتب ہوں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے فرانسیسی ایجنسی برائے ڈویلپمنٹ کی طرف سے توانائی کے شعبہ سمیت پاکستان میں ترقیاتی منصوبوں کیلئے مسلسل تعاون کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ اس معاہدہ کے بعد پاکستان اور فرانس کے درمیان اقتصادی تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔ اس پروگرام کا بنیادی مقصد توانائی کے شعبہ کو مستحکم ،سستا، قابل بھروسہ اور پائیدار بنانا ہے تاکہ ملک میں اقتصادی ترقی کیلئے معاونت ہو سکے اور قومی پاور پالیسی 2013ء پر عملدرآمد کر کے توانائی کے بحران کو ختم کیا جا سکے۔

یہ پروگرام توانائی کے شعبہ میں مالیاتی سہولیات کو بذریعہ بہتر ٹیرف مینجمنٹ اور سبسڈیز کارکردگی کو بہتر بنانے، نجی شعبہ کی شراکت کیلئے مواقع فراہم کرنے کیلئے معاون ثابت ہو سکے گا۔ اس پروگرام سے توانائی کے شعبہ میں شفافیت اور خود احتسابی کی بہتری میں بھی مدد ملے گی۔

متعلقہ عنوان :