جمہوریت کے استحکام و تسلسل میں صحافت کا کلیدی کردار ہے، گورنر سندھ

بدھ 21 جون 2017 23:40

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جون2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ صحافت ریاست کا چوتھا ستون گردانا جاتا ہے ، اردو ادب اور صحافت ایک دوسرے کے لئے لازم و ملزوم ہیں ، صحافت کا مقصد افکار و نظریات کی اشاعت و ترسیل ہے ، پاکستان میں جمہوریت کے استحکام اور تسلسل میں صحافت کا کلیدی کردار ہے اس ضمن میں صحافت کی قربانیوں کو کسی بھی صورت فراموش نہیں کیا جا سکتا ۔

جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے آرٹس کونسل آف پاکستان میں کراچی یونین آف جرنلسٹس کی جانب سے دی جانے والی دعوت افطار سے خطاب میں کیا ۔ اس موقع پر میئر کراچی وسیم اختر، مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنما اور صحافیوں کی بڑی تعداد شریک تھی ۔ گورنر سندھ نے کہا کہ بدلتے معیارات اور صحافت کو درپیش مسائل کے تناظر میں حکومت ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی ، معاشرہ میں نا ہمواریوں اور بروقت عوامی مسائل کی نشاندہی میں صحافت اہم فریضہ انجام دے رہا ہے جس سے حکومت کو عوامی مسائل کے حل میں مدد ملتی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت آزادی صحافت پر یقین رکھتی ہے اس ضمن میں صحافت جیسے مقدس رشتہ سے منسلک صحافیوں کی فلاح وبہبود کے لئے بھرپور اقدامات اٹھارہی ہے ۔ دریں اثنا صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ کراچی میں امن کے لئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ ساتھ شہر کے عوام بھی مبارکباد کے مستحق ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کے باعث لوگ بڑی تعداد میں شاپنگ سینٹرز کا رخ کررہے ہیں اور عید کی خریداری بھرپور طریقہ سے جاری ہے۔

انہوں نے فیصل آباد کے واقعہ کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ صحافیوں پر تشدد کسی صورت برداشت نہیں کیا جاسکتا ۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعہ میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی کی جائے گی۔ میئر کراچی کے وفاقی منصوبوں میں شمولیت کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر گورنر سندھ نے کہا کہ کراچی کے لئے وفاقی حکومت کے پیکیج میں میئر کراچی کی آراء کو بھی مدنظر رکھا گیا ہے۔

ایک او ر سوال کے جواب میں گورنر سندھ نے کہا کہ گورنر ہائوس کے دروازے ہر ایک کے لئے کھلے ہیں ، امن و امان کے قیام میں تسلسل برقرار رکھنے اور خوشحالی کے لئے میں نے صوبہ کی تمام سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں سے ملاقاتیں کیں تاکہ ہر ایک کی آراء کو مدنظر رکھ کر بہتر اقدامات اٹھائے جا سکیں ، بعض افراد اس ضمن میں بلا وجہ تنقید کررہے ہیں اگر ان کے رہنما انھیں اجازت دیں تو و ہ بھی گورنر ہائوس آکر عوامی فلاحی کاموں میں حکومت کا ساتھ دے سکتے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :