عید پر نئی مصری فلم قطری سینماؤں میں نہیں دکھائی جائے گی

محمد رمضان کی نئی فلم ’’ جواب اعتقال‘‘ عید الفطر کے موقع پر ریلیز کی جارہی ہے نئی فلم میں مصری اداکار رمضان ایک جنگجو ’’ خالد الدیجوی‘‘ کا کردار ادا کررہے ہیں فلم مصر ، اردن ، لبنان ، سوڈان ، عراق اور قطر کے سوا دوسرے خلیجی ممالک میں دکھائی جائے گی

جمعرات 22 جون 2017 12:05

عید پر نئی مصری فلم قطری سینماؤں میں نہیں دکھائی جائے گی
قاہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جون2017ء) قطر کے ساتھ سفارتی تعلقات منقطع کرنے والے عرب ملک مصر کی فلمی دنیا بھی اس بائیکاٹ میں شامل ہوگئی ہے ۔اس مرتبہ عید الفطر کے موقع پر قطری سینما گھروں میں نئی جاری ہونے والی مصری فلم نہیں دکھائی جارہی ہے اور مصری فلم اسٹار محمد رمضان کے قطر میں مقیم مداح ان کی اس نئی فلم سے لطف اندوز نہیں ہوسکیں گے۔

محمد رمضان کی نئی فلم ’’ جواب اعتقال‘‘ ( وارنٹ گرفتاری) آیندہ ہفتے عید الفطر کے موقع پر ریلیز کی جارہی ہے۔اس فلم کے ٹریلر کے ساتھ ایک خصوصی نوٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ یہ فلم مصر ، اردن ، لبنان ، سوڈان ، عراق اور قطر کے سوا دوسرے خلیجی ممالک میں دکھائی جائے گی۔اس کی وجہ بالکل واضح ہے کہ مصر ،سعودی عرب ،متحدہ عرب امارات اور بحرین نے 5 جون کو قطر کے ساتھ ہرقسم کے سفارتی ،سیاسی اور معاشی تعلقات منقطع کر لیے تھے اور اس پر دہشت گردی گروپوں کی حمایت کا الزام عاید کیا تھا۔

(جاری ہے)

اس بنا پر اب قطری سینما گھروں میں یہ فلم نہیں دکھائی جارہی ہے۔تاہم ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ عید پر جاری کی جانے والی دوسری مصری فلمیں بھی قطر میں دکھائی جائیں گی یا نہیں۔نئی فلم میں مصری اداکار رمضان ایک جنگجو ’’ خالد الدیجوی‘‘ کا کردار ادا کررہے ہیں۔وہ ایک متشدد اسلامی جنگجو گروپ میں شامل ہوجاتا ہے لیکن جب اس گروپ کی سرگرمیوں کے نتیجے میں اس کے بھائی کی موت واقع ہوجاتی ہے تو وہ اس کے خلاف ہوجاتا ہے۔

متعلقہ عنوان :