مقبوضہ کشمیر،آج جمعة الوداع یوم القدس اور یوم کشمیر کے طور پر منایا جائے گا

تمام مساجد،قانقاہوں اور امام بارگاہوں میں قبلہ اول بیت المقدس کی بازیابی کے حق اور فلسطینی عوام پر ہونے والے مظالم کے خلاف صدائے احتجاج بلند کیا جائے گا

جمعرات 22 جون 2017 14:04

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 جون2017ء) حریت قائدین سید علی گیلانی،میرواعظ عمرفاروق اوریاسین ملک نے جمعة الوداع کو حسب سابق امسال بھی یوم القدس اور یوم کشمیر کے طور پر منانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج کشمیر کی تمام مساجد،خانقاہوں اور امام بارگاہوں میں قبلہ اول بیت المقدس کی بازیابی کے حق میں اور فلسطینی عوام پر ہونے والے مظالم اور کشمیری عوام کے حوالے سے بھارت کی جارحانہ پالیسیوں کے خلاف صدائے احتجاج بلند کیا جائے گا اور اس ضمن میں مشترکہ قیادت کی جانب سے ایک قرارداد تمام اجتماعات میں عوام کی تائید وحمایت کیلئے پیش کی جائے گی۔

اپنے مشترکہ بیان میں قائدین نے کہا کہ فلسطینی عوام جہاں گزشتہ کئی دہائیوں سے اپنے جائز حق کے حصول کیلئے برسرپیکار ہیں وہیں کشمیری عوام بھی تحریک حق خودارادیت میں گزشتہ سات دہائیوں سے بے پناہ جانی ومالی قربانیاں پیش کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے دونوں سلگتے مسائل کے حل کے حوالے سے عالمی برادری کی بے حسی کو حد درجہ افسوسناک قرار دیا۔قائدین نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اور مسئلہ فلسطین میں بڑی حد تک مماثلت ہے اور مسئلہ فلسطین جہاں پورے مشرق وسطیٰ کے امن کیلئے خطرات کا باعث بنا ہوا ہے وہیں مسئلہ کشمیر جنوبی ایشیائی خطے کے دائمی امن اور استحکام کیلئے سب سے بڑا چیلنج ہے اور دونوں خطوں کے عوام کو جارح قوتوں کے مظالم کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ اقوام متحدہ،او آئی سی اور دیگر عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ ان دونوں انسانی مسئلوں کے حل کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کریں۔

متعلقہ عنوان :