Live Updates

نااہلی کیس ،عمران خان جواب جمع کرانے میںپھر ناکام، الیکشن کمیشن نے 6جولائی تک کی مہلت دیدی

ہم کیس غیر معینہ مدت تک ملتوی کرنے کو تیار ہیں ،پہلے جواب جمع کرایا جائے، چیف الیکشن کمشنر سردار رضا محمد خان

جمعرات 22 جون 2017 14:09

نااہلی کیس ،عمران خان جواب جمع کرانے میںپھر ناکام، الیکشن کمیشن نے ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 جون2017ء) الیکشن کمیشن نے نااہلی کیس میں تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کو 6 جولائی تک جواب جمع کرانے کی مہلت دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم کیس غیر معینہ مدت تک ملتوی کرنے کو تیار ہیں لیکن پہلے جواب جمع کرایا جائے۔ چیف الیکشن کمشنر سردار رضا محمد خان کی سربراہی میں 4 رکنی بینچ نے مسلم لیگ (ن)کے رہنما ہاشم بھٹہ کی جانب سے عمران خان کی نااہلی کے لئے دائر درخواست کی سماعت کی۔

جس پر عمران خان کے وکیل شاہد گوندل نے سپریم کورٹ کا 13 جون کا حکم نامہ الیکشن کمیشن میں پیش کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ ہاشم علی بھٹہ اور اکبرایس بابر کی درخواستیں ایک ہی نوعیت کی ہیں، عدالت عظمی بھی یہ کیس سن چکی ہے، الیکشن کمیشن اکبر ایس بابر کا کیس غیر معینہ مدت تک ملتوی کر چکا، ہاشم علی بھٹہ کی عمران خان کے خلاف درخواست بھی غیر معینہ مدت تک کے لئے ملتوی کی جائے۔

(جاری ہے)

جس پر چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ ہم تو کیس غیر معینہ مدت تک ملتوی کرنے کو تیار ہیں لیکن پہلے جواب جمع کرایا جائے، پہلے درخواست میں دی گئی وجوہات کو تسلیم یا مسترد کیا جائے۔ دوسری طرف ہاشم علی بھٹہ کے وکیل نے عمران خان نااہلی کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک کے لئے ملتوی کرنے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ ہماری پٹیشن اکبر ایس بابر سے بالکل مختلف ہے اس لئے کیس کو غیر معینہ مدت تک ملتوی نہ کیا جائے۔عمران خان کے وکیل نے ممنوعہ فنڈنگ معاملے پر جواب کے لئے پھر مہلت مانگ لی جس پر الیکشن کمیشن نے عمران خان کو جواب جمع کرانے کے لئے 6 جولائی تک کی مہلت دے دی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات