مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر عالمی امن کے دعوے داروں کی خاموشی کو سوالیہ نشان ہے‘ مسئلہ کشمیر کا پائیدار حل اقوام متحدہ کی قراردادوں میں مضمر ہے

مسلم لیگ (ن) آزادکشمیر کے ممبرمرکزی مجلس عاملہ شیخ سراج منیر کی بات چیت

جمعرات 22 جون 2017 14:40

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 جون2017ء) مسلم لیگ ن آزادکشمیر کے ممبرمرکزی مجلس عاملہ شیخ سراج منیر نے مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر عالمی امن کے دعوے داروں کی خاموشی کو سوالیہ نشان قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کا پائیدار حل اقوام متحدہ کی قراردادوں میں مضمر ہے ،مسئلہ کشمیر جلد حل نہ کیا گیا تو پاک بھارت ایٹمی طاقتیں ٹکرا گئیں تو خطہ کا امن تہس نہس ہو جائے گا۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہارشیخ سراج منیر نے صحافیوں سے حصوصی بات چیت کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کو پائیدار امن کیلئے کشمیریوں کے حق میں قراردادوں پر عملدرآمد کرنا ہوگا،کشمیری عوام اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق استصواب رائے چاہتے ہیں،پاک بھارت کرکٹ میچ میں جب پاکستان کی ٹیم نے بڑی شکست فاش سے ہندوستان کو دوچار کیا تو کشمیریوں نے پاکستان کے حق میں جشن منایا جس سے بھارتی درندوں کو تکلیف ہوئی اور انہوں نے کشمیریوں پرپھر درندگی کی انتہا کی کچھ کے خلاف مقدمہ بھی درج کردیا گیا ہے،کشمیر کے عوام پاکستا ن کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں جو بھارت کو پسند نہیں بھارتی جارحیت خطہ کے امن کو تباہ کر کے رکھ دیے گئی اقوام متحدہ مداخلت کرے۔