فاطمہ جناح ایوارڈ کے اجراء سے خواتین کی صلاحیتوںمیںا ضا فہ ہو گا ،عائشہ غوث پاشا

جمعرات 22 جون 2017 14:42

فاطمہ جناح ایوارڈ کے اجراء سے خواتین کی صلاحیتوںمیںا ضا فہ ہو گا ،عائشہ ..
لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جون2017ء) محکمہ ترقی خواتین پنجاب کے زیر اہتمام گذ شتہ روز فاطمہ جناح ایوارڈ کی تقریب منعقد کی گئی جس میں وزیر خزانہ پنجاب عائشہ غوث پاشا مہمان خصوصی تھیں، صوبائی وزیر خزانہ عائشہ غوث پاشا نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب نے خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے متعدد اقدامات کئے ہیں۔

محکمہ ترقی خواتین کا قیام اور ویمن پیکیجز کے تحت خواتین کی ملکی ترقی کے دھارے میں شمولیت اور صنفی امتیاز کا خاتمہ اس سلسلے کی اہم کڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ویمن پیکج 2016ء کے تحت مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات سرانجام دینے والوں کی خدمات کے اعتراف کیلئے فاطمہ جناح ایوارڈ کا اجراء کیا گیا ہے جو نہایت خوش آئند ہے۔ اس سے نہ صرف خواتین کو اپنی صلاحیتوں کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی بلکہ حکومت کے و یژن کے مطابق خواتین کے ملکی ترقی میں کردار ادا کرنے کی بھی حوصلہ افزائی ہو گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے ایوارڈ حاصل کرنے والی خواتین کومبارکباد دی اور توقع ظاہر کی کہ وہ اسی جوش وجذبے سے اپنا کام جاری رکھیں گی۔صوبائی سیکرٹری بشری امان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس سال محکمہ ترقی خواتین پنجاب نے’’ ویمن ایمپاورمنٹ ‘‘ تھیم کے تحت تعلیم، آرٹ، ثقافت، کھیل اور سماجی خدمات انجام دینے والی خواتین کو ایوارڈ دینے کی منظوری دی۔

انہوں نے کہا کہ اس سال3 کیٹیگریز فاطمہ جناح ویمن آف دی ایئر، فاطمہ جناح یوتھ ایوارڈ اور فاطمہ جناح ایکسیلنس کے تحت ایوارڈ دیا جا رہا ہے۔ ویمن آف دی ایئر ایوارڈ کیلئے مجوزہ معیار کے تحت اپنے شعبے میں کم از کم دس سال بہترین مہارت وتجربہ ضروری ہے۔ یوتھ ایوارڈ کیلئے 15 سے 29 سال کی عمر تک کی لڑکیاں خواتین جنہوں نے آرٹ ، تعلیم ، سائنس، ٹیکنالوجی، کرافٹ، موسیقی اور کھیل کے شعبے میں نمایاں کارکردگی کامظاہرہ کیا ہو جبکہ ایکسیلنس ایوارڈ کیلئے خاتون امیدوار نے اپنے شعبے میں ترجیحا 20سال قابل قدر خدمات سرانجام دی ہوں۔

حکومت پنجاب نے خواتین پیکج 2016 کے تحت قومی وبین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کرنے والی خواتین کی خدمات کے اعتراف کے طور پر فاطمہ جناح ایوارڈ کا اجراء کیاہے۔ فاطمہ جناح ایوارڈ کمیٹی کے فیصلے کے مطابق ڈاکٹر طاہرہ حسین اور ڈاکٹر شہلا جاوید اکرم کو ایکسیلنس ایوارڈ ، زاہدہ حمید کو ویمن آف دی ایئر ایوارڈ ،شمائلہ نذیر اور اشنا سہیل کو یوتھ ایوارڈ دیا گیا۔ ہر ایوارڈ کے ساتھ 2 لاکھ روپے کا نقد انعام بھی دیا گیا۔