علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی،نعت خوانی، قرات، مضمون نویسی، پوسٹرز سازی اور رمضان المبارک کے حوالے سے اہم موضوعات پر تقاریر کے مقابلوں کا پہلا مرحلہ مکمل

جمعرات 22 جون 2017 15:04

علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی،نعت خوانی، قرات، مضمون نویسی، پوسٹرز سازی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جون2017ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے ملک گیر سطح پر طلبہ و طالبات کے درمیان نعت خوانی، قرات، مضمون نویسی، پوسٹرز سازی اور رمضان المبارک کے حوالے سے اہم موضوعات پر تقاریر کے مقابلوں کا پہلا مرحلہ مکمل کرلیا ہے۔ یہ مقابلی44 اہم شہروں میں یونیورسٹی کے علاقائی دفاتر میں منعقد کئے گئے ہیں، دوسرا مرحلہ عید کی چھٹیوں کے فوراً بعد شروع کیا جائے گا، پہلے مرحلے میں کامیاب طلبہ و طالبات دوسرے مرحلے کے مقابلوں میں حصہ لے سکیں گے۔

یہ مقابلی7 ریجنل ہیڈکوارٹرز میں منعقد ہوں گے، ان شہروں میں لاہور، ملتان، کراچی، کوئٹہ، پشاور، گلگت اوراسلام آباد شامل ہیں۔ فائنل مرحلے پر قومی سطح کا ایک بڑا مقابلہ اسلام آباد میں یونیورسٹی کے مین کیمپس میں منعقد ہوگا جس میں دوسرے مرحلے کے کامیاب طلبہ اپنے صلاحیتوں کا مقابلہ کریں گے ۔

(جاری ہے)

طلبہ نے یونیورسٹی کی ہم نصابی سرگرمیوں میں گہری دلچسپی کا مظاہرہ کیا ہے، ان سرگرمیوں کا بنیادی مقصد نئی نسل میں موجود خداداد صلاحیتوں کو قومی سطح پر اجاگرکرنا ہے۔

ڈائریکٹر ریجنل سروسز ڈاکٹر میاں عارف سلیم عارف کے مطابق فائنل مقابلوں میں کامیاب ہونے والے طلبہ و طالبات کی حوصلہ افزائی میں نقد انعامات اور شیلڈزتقسیم کئے جائیں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ فائنل مقابلے جولائی کے آخر میں منعقد ہوں گے۔