مقبوضہ کشمیر ، بھارتی فوجیوں کی پلوامہ میں پر امن مظاہرین پر فائرنگ ، ایک شہید 50 سے زائد زخمی

جمعرات 22 جون 2017 15:43

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جون2017ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے ضلع پلوامہ میں پر امن مظاہرین پر فائرنگ کے نتیجے میں ایک شہری شہید جبکہ 50 سے زائد زخمی ہو گئے۔

(جاری ہے)

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق بھارتی فورسز کے اہلکاروں نے ضلع کے علاقے کاکہ پورہ میں تین نوجوانوں کی شہادت پر پر امن احتجاج کرنے والوں پر اندھا دھند فائرنگ کی اور پیلٹ برسائے جس کے نتیجے میں توصیف احمد نامی ایک نوجوان شہید جبکہ 50 سے زائد زخمی ہو گئے ۔

30سے زائد زخمیوں کو کاکہ پورہ ہسپتال میں جبکہ بارہ سے زائد کو سب ڈسٹرکٹ ہسپتال پامپور میں داخل کیا گیا۔ یاد رہے کہ بھارتی فوجیوں نے جمعرات کو صبح سویرے کاکہ میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران تین نوجوانوں عبدالمجید، شارق احمد اور ارشاد احمد کو شہید کر دیا تھا۔ان شہادتوں کے خلاف علاقے کے لوگ سراپا احتجاج ہیں۔