انیل کمبلے کے بعد بھارتی ٹیم کی کوچنگ کیلئے 5 درخواستیں موصول

سابق بھارتی بیٹسمین وریندر سہواگ اور پاکستان کرکٹ ٹیم کو 1999 کے ورلڈ کپ کے فائنل تک پہنچانے والے رچرڈ پائی بس بھی شامل

جمعرات 22 جون 2017 16:59

انیل کمبلے کے بعد بھارتی ٹیم کی کوچنگ کیلئے 5 درخواستیں موصول
ممبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 جون2017ء) آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کے ہاتھوں عبرتناک شکست کے بعد بھارتی ٹیم کے کوچ انیل کمبلے اور کپتان ویرات کوہلی کے درمیان اختلافات کی خبریں منظر عام پر آگئی تھیں جس کے بعد انیل کمبلے عہدے سے مستعفی ہوگئے تھے۔بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارتی کرکٹ ٹیم کی کوچنگ کے لیے 5 درخواستیں موصول ہوئی ہیں اور جن کوچز نے درخواستیں دی ہیں ان میں سابق بھارتی بیٹسمین وریندر سہواگ اور پاکستان کرکٹ ٹیم کو 1999 کے ورلڈ کپ کے فائنل تک پہنچانے والے رچرڈ پائی بس بھی شامل ہیں۔

بھارتی کرکٹ بورڈ کی کمیٹی آف ایڈمنسٹریٹرز جس میں سچن ٹنڈولکر، ساروو گنگولی اور وی وی ایکس لکمشن شامل ہیں ان درخواستوں میں سے بہترین امیدوار کو شارٹ لسٹ کریں گے جس کے بعد حتمی فیصلہ بورڈ کرے گا۔

(جاری ہے)

بی سی سی آئی نے انیل کمبلے کے عہدے کی معیاد ختم ہونے سے قبل ہی نئے کوچ کے لیے درخواستیں طلب کی تھیں جس کے جواب میں وریندر سہواگ، ٹام موڈی، لال چند راجپوت، رچرڈ پائی بس اور دودا گنیش نے درخواستیں جمع کرائی تھیں۔

ان میں سے لال چند راجپوت اور دودا گنیش عالمی شہرت نہیں رکھتے البتہ سہواگ، رچرڈ پائی بس اور ٹام موڈی میں سے کسی ایک کا انتخاب ہوسکتا ہے۔سابق بھارتی کرکٹر لال چند راجپوت اس وقت افغانستان کی قومی کرکٹ ٹیم کے کوچ ہیں اور جب 2007 میں بھارت نے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی جیتا تھا تو وہ ٹیم منیجر کے عہدے پر فائز تھے۔ اس کے علاوہ سابق پاکستانی کوچ رچرڈ پائی بس بھی بھارتی کرکٹ ٹیم کی کوچنگ کے امیدوار ہیں اور ماضی میں بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے ساتھ بھی کام کرچکے ہیں۔رچرڈ پائی بس اس وقت ویسٹ انڈین کرکٹ بورڈ میں ڈائریکٹر آف کرکٹ کے عہدے پر فائر ہیں اور انہوں نے یہ عہدہ اکتوبر 2013 میں حاصل کیا تھا۔۔

متعلقہ عنوان :