مقبوضہ کشمیر ، بھارتی فوجیوں نے مزید چار کشمیریوں کو شہید کردیا

جمعرات 22 جون 2017 18:23

سرینگر 22جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جون2017ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کاروائی کے دوران آج ضلع پلوامہ میںمظاہرے میں شامل ایک نوجوان سمیت مزید چار کشمیر ی نوجوانوں کوشہید کردیاجس سے گزشتہ دو روز کے دوران شہید ہونے والے نوجوانوںکی تعداد بڑھ کر چھ ہوگئی ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق اونتی پورہ کے علاقے کاک پورہ میں بھارتی فوجیوں نے مظاہرین پرگولیوںاورپیلٹ گن سے فائرنگ کر کے 22سالہ شہری توصیف احمد وانی کوشہید اور سو سے زائد افراد کو زخمی کردیا ۔

مظاہرین تین نوجوانوںعبدالماجد، شارق احمد اور ارشاد احمدکی شہادت پر احتجاج کیلئے جمع ہوئے تھے ۔ ان نوجوانوں کی لاشیں علاقے میں کریک ڈائون آپریشن کے دوران بھارتی فوجیوں کی طرف سے تباہ کئے گئے مکان کے ملبے سے ملی تھیں۔

(جاری ہے)

کرفیو کے باوجود ہزاروںکی تعداد میں لوگ شہید نوجوانوںکی نماز جنازہ میں شرکت کیلئے کاک پورہ اور اونتی پورہ پہنچ گئے ۔

شہید نوجوانوں کے آبائی علاقوں میں بڑی تعدادمیں لوگوں کی موجودگی کی وجہ سے ان کی نماز جنازہ کئی بارادا کی گئی۔ شہیدنوجوانوں کوآزادی کے حق میں اور بھارت کیخلاف نعروں کی گونج میں سپرد خاک کیاگیا۔ اس موقع پر پاکستانی جھنڈے بھی لہرائے گئے۔شہادتوں پر کاک پورہ ، اونتی پورہ او ر ضلع پلوامہ کے دیگر علاقوں میں جھڑپیں بھی ہوئیں۔انتظامیہ نے جنوبی کشمیر کے تمام اضلاع میں سخت پابندیاں عائد کر دیں اور انٹرنیٹ سروس معطل کردی ۔

شہادتوں پر بڑے پیمانے پر احتجاج کے پیش نظر وادی کشمیرمیں ٹرین سروس اور سرینگر جموں ہائی وے پر ٹریفک معطل رہی جبکہ ان علاقوںمیں سکول اور کالج بند کردیے گئے ۔ سرکاری ذرائع نے سرینگر میں انکشاف کیا ہے کہ کولگام ، اسلام آباد ، شوپیاں اور پلوامہ کے اضلاع میں بھاتی فوج کی دو اضافی بٹالینز تعینات کی جائیںگی۔کل جماعتی حریت کانفرنس نے خبردار کیاہے کہ بھارتی قابض انتظامیہ مقبوضہ علاقے میں کشمیریوں کی نسل کشیٰ کیلئے مسلح گروپوںکومنظم کر رہی ہے ۔

ادھر سیدعلی گیلانی ، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیادت نے سرینگر میں ایک بیان میں کل جمعة الوداع کو یوم قدس اور یوم کشمیر کے طورپر منانے کا اعلان کیا ہے ۔ پورے مقبوضہ کشمیرمیں نکالی جانیوالی ریلیوں میں کشمیر اور فلسطین کے تنازعات کے حل کیلئے عالمی برادری پر زوردینے کی غرض سے قراردادیں منظور کی جائیںگی۔ حریت قیادت نے نوجوانوںکے بہیمانہ قتل کے خلاف کل پورے مقبوضہ علاقے میںاحتجاجی مظاہروں کی کال دی ہے۔

متعلقہ عنوان :