Live Updates

مسلم لیگ (ن) کے ترقیاتی منصوبوں نے عمران خان کی دھرنا سیاست کو دفن کر دیا ہے، سی پیک منصوبے کے تحت ملک بھر میں پاور پلانٹس لگ رہے ہیں ، 2018ء میں بجلی و گیس کی لوڈ شیڈنگ ختم ہو جائے گی،ملک سجاد

جمعرات 22 جون 2017 19:05

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جون2017ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما و یو سی 34 اسلام آباد کے چیئرمین ملک سجاد نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی 4 سالہ کارکردگی عوام کے سامنے ایک کھلی کتاب ہے، موجودہ حکومت نے نہ صرف عوام کی فلاح و بہبود کیلئے بہترین اقدامات اٹھائے بلکہ ملکی تعمیر و ترقی، اقوام عالم میں پاکستان کا وقار بلند کرنے کیلئے بہترین اور جامع پالیسیاں ترتیب دیں۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف سے حساب مانگنے والے اپنا احتساب ہوتا دیکھ کر راہ فرار اختیار کر رہے ہیں، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ترقیاتی منصوبوں نے عمران خان کی دھرنا سیاست کو دفن کر دیا ہے، سی پیک منصوبے کے تحت ملک بھر میں پاور پلانٹس لگ رہے ہیں جن کی بدولت 2018ء میں بجلی و گیس کی لوڈ شیڈنگ ختم ہو جائے گی۔

(جاری ہے)

ملک سجاد نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے سیاستدان جو پہلے کپتان عمران خان کی نظر میں کرپٹ مافیا تھے اب تحریک انصاف میں شمولیت کے بعد پاک ہو گئے ہیں، تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان وزارت عظمیٰ کے خواب دیکھناچھوڑ دیں۔

انہوں نے کہاکہ عمران خان کی سیاست الزام تراشی اور دھرنے ہیں جبکہ پاکستان مسلم لیگ(ن) عوام کیلئے نت نئے منصوبے بنا رہی ہے،آئندہ الیکشن میں نہ صرف پیپلزپارٹی کا صفایا ہوجائے گا بلکہ ملک کے غیوراور باشعور عوام تحریک انصاف کو بھی بُری طرح مستردکردے گی اور آئندہ الیکشن میں خیبرپختونخوا میں بھی پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت ہوگی۔ مسلم لیگی رہنما نے کہاکہ سازشی عناصر اگر ملک کی تعمیروترقی اور خوشحالی کی راہ میں روڑے نہ اٹکاتے تو آج پاکستان ترقی کے کئی سنگ میل طے کرچکا ہوتا،سازشی عناصر کو ماضی میں بھی شرمندگی ہوئی آئندہ بھی انہیں سبکی کا سامنا کرناپڑے گا۔

چیئرمین ملک سجاد نے نے کہاکہ ملک کو ایٹمی قوت بنانے سے لے کر معاشی قوت بنانے تک کا سہرا پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سر ہے، پاکستان مسلم لیگ(ن)کی حکومت کا تسلسل جاری رہے گا اور 2018ء کے الیکشن میں پاکستان مسلم لیگ بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات