پیمرا کی قائد اعظم کے بارے غیر محتاط گفتگو پر ’ٹی وی ون ‘کی انتظامیہ اور پروگرام کے اینکر کو ناظرین سے معذرت کی ہدایت

جمعرات 22 جون 2017 20:05

پیمرا کی قائد اعظم کے بارے غیر محتاط گفتگو پر ’ٹی وی ون ‘کی انتظامیہ ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جون2017ء) پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا)نے نجی ٹی وی چینل ’ٹی وی ون‘کی رمضان ٹرانسمشن ’عشق رمضان‘ میں اینکر ساحر لودھی کی جانب سے بانی ِپاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے بارے غیر محتاط گفتگو پر ’ٹی وی ون ‘کی انتظامیہ اور پروگرام کے اینکر ساحر لودھی کو 24جون کو ناظرین سے معذرت کرنے کی ہدایت کی ہے۔

چینل انتظامیہ کو یہ ہدایت بھی کی گئی ہے کہ اس بات کا خاص طور پرذکر کیا جائے کہ یہ معذرت پیمرا کے حکم کی تعمیل میں کی جارہی ہے۔ مزید برآں ساحر لودھی کی طرف سے معذرت خواہانہ الفاظ کی ادائیگی کے دوران معذرت پر مبنی تحریر بھی سکرین پر دکھائی جائے۔’ٹی وی ون ‘پر مذکورہ پروگرام نشر ہونے کے بعد پیمرا نے ٹی وی ون انتظامیہ کو31مئی کو اظہار وجوہ نوٹس جاری کیا تھا اور 5جون کو تحریری جواب داخل کروانے کے علاوہ نمائندے کے ذریعے ذاتی شنوائی کے لئے بھی طلب کیا تھا۔

(جاری ہے)

بعد ازاں چینل انتظامیہ کی طرف سے داخل کروائے گئے جواب کا جائزہ لینے اور نمائندے کو سننے کے بعد پیمرا کمیٹی اس نتیجہ پر پہنچی کہ قائد اعظم کے بارے غیر محتاط گفتگو سے چینل انتظامیہ نے پیمرا قوانین اور الیکٹرانک میڈیا ضابطہ اخلاق 2015؁ء کی متعدد شقوں کی خلاف ورزی کی ہے۔ریگولیٹر نے چینل انتظامیہ کو مستقبل میں ایسی کسی خلاف ورزی سے بچنے کے لئے ضروری اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ہے مزید برآں ادارہ جاتی نگران کمیٹی کو فعال بنانے اور اس کی تفصیلات پیمرا کو چودہ روز میں بھجوانے کا حکم بھی دیا ہے ۔ عدم پیروی کی صورت میں قانون کے مطابق کاروائی کی جائیگی۔

متعلقہ عنوان :