فاٹا اصلاحات میں تاخیر، جماعت اسلامی نے عید کے بعد احتجاجی تحریک شروع کرنے کیلئے یکم جولائی کواجلاس طلب کرلیا

جمعرات 22 جون 2017 20:20

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 جون2017ء) جماعت اسلامی فاٹا کے سیکرٹری اطلاعات محمد جبران سنان نے المرکزالاسلامی پشاور سے جاری کئے گئے بیان میں کہا ہے کہ فاٹا اصلاحات میں تاخیر اور حکومتی سرد مہری کے خلاف عید کے بعد احتجاجی تحریک شروع کرنے کے لئے جماعت اسلامی فاٹا نے یکم جولائی کو المرکزالاسلامی میں اجلاس طلب کرلیا ہے۔

اجلاس میں احتجاجی تحریک کے حوالے سے منصوبہ بندی کی جائے گی۔ اجلاس میں جماعت اسلامی فاٹا کی تمام ایجنسیز اور ایف آرز کے امراء اور سیکرٹری جنرل شریک ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ اجلاس کی صدارت جماعت اسلامی فاٹا کے امیر سردار خان کریں گے۔ اجلاس میں احتجاجی تحریک کے لئے منصوبہ بندی سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں ، فاٹا پارلیمنٹرینز ، سیاسی اور صحافتی شخصیات سے فاٹا کے مستقبل کے حوالے سے ملاقاتوں کی منصوبہ بندی بھی کی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ وفاقی حکومت نے اصلاحات کے معاملے میں مکمل خاموشی اختیار کی ہے، یہ رویہ نفرتوں کو جنم دیتا ہے۔ وفاقی حکومت قبائلی عوام سے کئے گئے وعدے پورے کرے۔ انہوں نے کہا کہ احتجاجی تحریک کا مقصد اصلاحات کے عمل کو جلد از جلد مکمل کرنے، ایف سی آر ختم کرنے اور فاٹا کے خیبر پختونخوا میں ادغام کے لئے حکومت پر دباؤ ڈالنا ہے۔

متعلقہ عنوان :