افغان صوبے ہلمند میں بینک کے باہر بم دھماکہ ،29 افراد ہلاک، 60 کے قریب زخمی

دھماکہ لشکر گاہ میں نیو کابل بینک کے برانچ کے دروازے پر کیا گیا ،ہلاک اور زخمیوں میں عام شہری اور سکیورٹی فورسز کے لوگ شامل ہیں، پولیس واقعے میں ہلاک ہونے والے وہ بے قصور لوگ تھے جو عید کی شاپنگ کے لیے جا رہے تھے، عبداللہ عبداللہ

جمعرات 22 جون 2017 21:53

ہلمند(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 جون2017ء) افغانستان کے صوبے ہلمند میں ایک بینک کے باہر کار بم دھماکے میں کم از کم 29 افراد ہلاک اور 60 کے قریب زخمی ہوگئے ہیں۔پولیس نے بتایا کہ یہ دھماکہ لشکر گاہ میں نیو کابل بینک کے برانچ کے دروازے پر کیا گیا ہے۔ہلاک اور زخمیوں میں عام شہری اور سکیورٹی فورسز کے لوگ شامل ہیں۔ابھی تک اس واقعے کی ذمہ دار کسی نے قبول نہیں کی لیکن حالیہ مہینوں میں دولتِ اسلامیہ اور طالبان نے اس طرح کے جان لیوا حملے کیے ہیں۔

(جاری ہے)

لشکر گاہ کے مولا داد ہسپتال کے سربراہ نے بتایا کہ ہلاک شدگان کی تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے۔پولیس کے ترجمان سلام افغان نے بتایا دھماکہ اس وقت ہوا جب عام لوگ اور اہلکار اپنی تنخواہیں لینے کے لیے بینک کے باہر قطار میں کھڑے تھے۔افغانستان میں حالیہ برسوں میں بینکوں کو نشانہ بنایا جاتا رہا ہے کیونکہ عام شہریوں اور سکیورٹی فورسز کی تنخواہیں بینکوں کے ذریعے دی جاتی ہیں۔افغان چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ کے ترجمان نے ٹوئٹ کیا ہے کہ اس واقعے میں ہلاک ہونے والے وہ بے قصور لوگ تھے جو عید کی شاپنگ کے لیے جا رہے تھے۔۔