Live Updates

پاکستان مسلم لیگ (ن)کی حکومت کی 4سالہ کارکردگی ایک کھلی کتا ب ہے،ملک سجاد

پیپلزپارٹی کے سیاستدان جو پہلے کپتان عمران خان کی نظر میں کرپٹ مافیا تھے اب تحریک انصاف میں شمولیت کے بعد پاک ہوگئے ہیں،نومنتخب چیئرمین کا بیان

جمعرات 22 جون 2017 22:29

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 جون2017ء) پاکستان مسلم لیگ(ن)کے رہنما ویوسی 34 اسلام آبادسے نومنتخب چیئرمین ملک سجا د نے کہاہے کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت کی 4سالہ کارکردگی عوام کے سامنے ایک کھلی کتاب ہے،موجودہ حکومت نے نہ صرف عوام کی فلاح و بہبود کے لئے بہترین اقدامات اٹھائے بلکہ ملکی تعمیر وترقی ،اقوام عالم میں پاکستان کا وقار بلند کرنے کیلئے بہترین اور جامع پالیسیاں ترتیب دیں۔

انہوں نے کہاکہ وزیراعظم میاں نوازشریف سے حساب مانگنے والے اپنا احتساب ہوتا دیکھ کر راہ فرار اختیار کررہے ہیں،پاکستان مسلم لیگ(ن)کے ترقیاتی منصوبوں نے عمران خان کی دھرنا سیاست کو دفن کردیا ہے،سی پیک منصوبے کے تحت ملک بھر میں پاور پلانٹس لگ رہے ہیں جن کی بدولت 2018ء میں بجلی و گیس کی لوڈشیڈنگ ختم ہوجائے گی۔

(جاری ہے)

اپنے بیان میں ملک سجاد نے مزیدکہاکہ پیپلزپارٹی کے سیاستدان جو پہلے کپتان عمران خان کی نظر میں کرپٹ مافیا تھے اب تحریک انصاف میں شمولیت کے بعد پاک ہوگئے ہیں،تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان وزارت عظمیٰ کے خواب دیکھناچھوڑ دیں۔

انہوں نے کہاکہ عمران خان کی سیاست الزام تراشی اور دھرنے ہیں جبکہ پاکستان مسلم لیگ(ن) عوام کیلئے نت نئے منصوبے بنا رہی ہے،آئندہ الیکشن میں نہ صرف پیپلزپارٹی کا صفایا ہوجائے گا بلکہ ملک کے غیوراور باشعور عوام تحریک انصاف کو بھی بُری طرح مستردکردے گی اور آئندہ الیکشن میں خیبرپختونخوا میں بھی پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت ہوگی۔ مسلم لیگی رہنما نے کہاکہ سازشی عناصر اگر ملک کی تعمیروترقی اور خوشحالی کی راہ میں روڑے نہ اٹکاتے تو آج پاکستان ترقی کے کئی سنگ میل طے کرچکا ہوتا،سازشی عناصر کو ماضی میں بھی شرمندگی ہوئی آئندہ بھی انہیں سبکی کا سامنا کرناپڑے گا۔

چیئرمین ملک سجاد نے نے کہاکہ ملک کو ایٹمی قوت بنانے سے لیکر معاشی قوت بنانے تک کا سہرا پاکستان مسلم لیگ(ن)کے سرہے،پاکستان مسلم لیگ(ن)کی حکومت کا تسلسل جاری رہے گا اور2018ء کے الیکشن میں پاکستان مسلم لیگ بھری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات