کراچی:افسوس کہ پاکستان میں حکومت سے چمٹے کرپٹ اور بے ضمیرعناصرقومی دولت کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں،راشدنسیم

مظلوم و بے بس عوام کی پیٹھ پر اربوں ڈالروں کے قرضے لاد دیے ہیں، عوام غربت مہنگائی اور مسائل کی چکی میں پس رہے ہیں،جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر کا دعوت افطارسے خصوصی خطاب

جمعرات 22 جون 2017 23:06

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 جون2017ء) جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیرودینی اسکالرراشدنسیم نے کہاہے کہ پاکستان اللہ کا انعام ہے جو اسی ماہ مبارک میں حاصل ہوا مگر افسوس کہ پاکستان میں حکومت سے چمٹے کرپٹ اور بے ضمیرعناصرقومی دولت کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیںاور مظلوم و بے بس عوام کی پیٹھ پر اربوں ڈالروں کے قرضے لاد دیے ہیں۔

عوام غربت مہنگائی اور مسائل کی چکی میں پس رہے ہیں،عوام کو اپنے مسائل کے حل اور پاکستان کی بقاء اور سلامتی کے لیے جماعت اسلامی کے ساتھ مل کر کرپشن فری اسلامی پاکستان کی جدوجہد میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی کے تحت گلشن معمار میں عوامی دعوت افطارسے خصوصی خطاب میں کیا۔

(جاری ہے)

دعوت افطار سے امیر جماعت اسلامی گلشن معمار زون رضوان شاہ اور ناظم علاقہ عاطف اللہ والا نے بھی خطاب کیا،اس موقع پرکارکنان ، اہلیان علاقہ اوراحباب کی بڑی تعداد موجود تھی۔

انہوں نے مزید کہاکہ ماہ رمضان المبارک کی رحمتوں اور برکتوں سے لبریز ساعتیں رخصت ہونے کے قریب ہیں دوڑ کر تیزی سے اللہ سے رجوع کریںاسکا قرب حاصل کرنے کی کوششیں کریں ،قرب الٰہی صرف عبادات و اذکار سے ہی حاصل نہیں ہوتا بلکہ خوف خدا کے ساتھ توبہ و استغفاراور لوگوں کے ساتھ حسن معاملات بھی قرب الٰہی کا ذریعہ ہیں۔رمضان بخشش ،تقویٰ کے حصول اور اللہ کے سپاہیوں کی تربیت کا مہینہ ہے،اس سے بھر پور استفادہ حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت عالم اسلام مشکل گھڑی میں ہے،فلسطین ،شام ،روہنگیا ،برما،کشمیر کے گرد طاغوتی قوتوں نے گھیرا تنگ کر رکھا ہے اور اسلامی ممالک کے ناعاقبت اندیش نااہل ،مغرب پرست اور مفاد پرست حکومتی عناصر نے طاغوتی قوتوں کے آگے ہتھیار ڈال دیے ہیں،اب وقت ّگیا ہے کہ غیرت مسلم کو بیدار کیاجائے تاکہ مسلمان اسلام کی سلامتی اور بقاء کے لیے آج ہی سے جدوجہد کا آغازکیا جائے۔ جمعة الوداع ہر سال یوم القدس کے طور پر منایا جاتا ہے لیلتہ القدر اور جمعے کی دعاؤں میں اپنے مظلوم مسلمان بھائیوں اور امت مسلمہ کے اتحاد کے لیے خصوصی دعائیں کریں ۔