وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے ایبٹ آباد میں ٹریفک وارڈن اور ٹورسٹ پولیس سسٹم کا افتتاح کردیا

صوبائی بجٹ میں ٹریفک وارڈ ن سسٹم کیلئے رقم بڑھا کر 39ملین روپے کردی گئی ہے‘وزیراعلیٰ کا تقریب سے خطاب

جمعرات 22 جون 2017 23:40

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے ایبٹ آباد میں ٹریفک وارڈن اور ..
ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جون2017ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے ایبٹ آباد میں ٹریفک وارڈن اور ٹورسٹ پولیس سسٹم کا افتتاح کردیا۔ اس موقع پر تعینات عملہ کو 40موٹر سائیکلیںاور کیمرے بھی فراہم کئے گئے۔ جلال بابا آڈیٹوریم میں منعقدہ تقریب میں صوبائی وزیر خوراک قلندر خان لودھی ، وزیراعلیٰ کے مشیر مشتاق احمد غنی، زرگل خان ، سردار محمد ادریس ، ڈی آئی جی ہزارہ، تحصیل ناظم اسحاق سلیمانی سمیت پولیس عملہ اور عوامی نمائندوں کی بڑی تعداد موجودتھی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا کہ صوبائی حکومت نے پولیس اصلاحات کا وعدہ پورا کرکے تھانہ کلچر کو تبدیل کردیا ہے جبکہ ٹؤرزم پولیس و ٹریفک وارڈ سسٹم کا اجراء بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مری روڈ تعمیر میں تاخیر پر عوام سے معذرت کی اور اسے جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچانے کا اعلان کیا۔ اس موقع پر انسپکٹر جنرل پولیس خیبرپختونخواطلعت مسعود نے خطاب کرتے ہوئے کہا موجودہ حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کے تحت واضح تبدیلیاں سامنے آئی ہیں جس کے تحت ڈی آر سی نے سال 2017کے دوران7400شکایات کا ازالہ کیا۔

انہوں نے بتایا کہ صوبائی حکومت نے گذشتہ سال 2016کے دوران ٹریفک وارڈن سسٹم کیلئے 2400ملین روپے فراہم کئے تھے جسے بڑھا کر روان برس 3900ملین کر دیا گیا جبکہ 16ہزار پولیس عملہ کی تربیت کے ذریعے پولیس اورعوام میں فاصلے کم کرنے میں بھی مدد ملی ہے۔ ڈی آئی جی ہزارہ سعید وزیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ صوبہ بھر میں ٹریفک وارڈن سسٹم کیلئے 63کروڑ روپے کی خطیر رقم سے 773پوسٹیں وجود میں لائی گئیں۔ جس کے تحت تعینات عملہ سیاحوں کو سہولیات مہیا کرنے کیلئے خدمات انجام دے گا۔ انہوں نے بتایا کہ نتھیاگلی اور ناران میں بھی سیاحوں کے رابطے کیلئے نظام ترتیب دے دیا گیا ہے۔ جبکہ نتھیاگلی اور ایوبیہ میں پولیس عوام لیزان کمیٹیاں بھی تشکیل دی جا چکی ہیں۔