ویمن ورلڈ کپ ہفتےسے انگلینڈ میں شروع ہو گا،قومی ٹیم پہلا میچ سائوتھ افریقہ کے خلاف کل کھیلے گی

جمعہ 23 جون 2017 12:35

ویمن ورلڈ کپ ہفتےسے انگلینڈ میں شروع ہو گا،قومی ٹیم پہلا میچ سائوتھ ..
لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جون2017ء) ویمن ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کل 24جون سے انگلینڈ میںشروع ہوگا جو24جولائی تک جاری رہے گا۔قومی ویمن ٹیم میگا ایونٹ میں اپنا پہلا میچ کل25جون کو سائوتھ افریقہ کے خلاف پاکستانی وقت کے مطابق اڑھائی بجے دوپہر لیسسٹر میں کھیلے گی،دوسر ا میچ انگلینڈ کے خلاف 27جون ،تیسرا میچ روایتی حریف بھارت کے خلاف 2جولائی کو ڈربی میں، چوتھا میچ آسٹریلیا کے خلاف 5جولائی کو ،چھٹا میچ نیوزی لینڈ کے خلاف 8جولائی کو ،ساتواں میچ ویسٹ انڈیز کے خلاف 11 جولائی کو، 8واں میچ 15جولائی کو سری لنکا کے خلاف کھیلے گی ۔

پہلا سیمی فائنل 18جولائی کوبرسٹل میں ،دوسرا سیمی فائنل 20جولائی کو ڈربی میں اور فائنل 23جولائی کو لارڈز میں ہوگا ۔دفاعی چیمپئن آسٹریلیا کی ٹیم اپنے اعزاز اکا دفاع کرے گی اور اگر وہ ٹورنامنٹ میں کامیابی حاصل کرتی ہے تو یہ اس کی ساتویں فتح ہوگی ۔

(جاری ہے)

آسٹریلیا کی ٹیم رینکنگ کے حوالے سے پہلے نمبر پر ہے جبکہ انگلینڈ کی دوسرے ،نیوزی لینڈ کی تیسرے ،بھارت کی ٹیم چوتھے ،ویسٹ انڈیز کی ٹیم پانچویں ،سائوتھ افریقہ کی ٹیم چھٹے ،پاکستان کی ٹیم ساتویں ،سری لنکا کی ٹیم آٹھویں ،بنگلہ دیش کی ٹیم نویں اور آئرلینڈ کی ٹیم دسویں نمبر پر ہے ۔

ویمن ورلڈ کپ کے لئے قومی ویمن کرکٹ ٹیم کی تیاریاں مکمل ہوچکی ہیں ۔ان کے لئے نہ صرف پاکستان میں کیمپ کا انعقاد کیا گیا ہے بلکہ ورلڈ کپ سے قبل انگلینڈ میں بھی دو ہفتے کا تربیتی کیمپ منعقد ہوا اور وارم ا پ میچز بھی کھیلنے کو ملے ۔ورلڈ کپ کے لئے اعلان کردہ ٹیم میں عائشہ ظفر ،ناہیدہ بی بی ،میرینہ اقبال ،بسمعہ معروف ،جویریہ خان ،سعدیہ نین، فاطمہ عابدی ،سدرہ نواز ( وکٹ کیپر) ثناء میر ( کپتان )،کائنات امتیاز ،عثماویہ اقبال کھوکھر ،ناصرہ سندھو،غلام فاطمہ ،سعدیہ یوسف شامل ہیں جبکہ ٹیم آفیشلز میں عائشہ اشعر ( ٹیم مینجر)،صبیح اظہر ( ہیڈ کوچ )،ابرار احمد ( ٹرینر)محمد زبیر احمد ( ویڈیو اینالسٹ)،شاہد انور ( بیٹنگ کوچ ) شامل ہیں ۔

قومی ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان ثناء میر اور مینجر عائشہ اشعر نے کہا ہے کہ ورلڈ کپ کی جیت کے خواب کو عملی شکل دینے کے لئے قومی ٹیم پوری جان لڑادے گی اورتمام کرکٹر ز اپنی بھرپور پرفارمنس کا مظاہرہ کریں گی ۔انہوں نے کہاکہ ورلڈ کپ ٹیم سینئر اور جونیئر کھلاڑیوں کے بہترین کمبی نیشن پر مشتمل ہے اور وہ دنیا کی کسی بھی ٹیم کو ہرانے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔

ورلڈ کپ میں ٹیم کا پہلا ٹارگٹ سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کرنا ہے اوردوسرا ٹارگٹ فائنل جیتنا ہوگا ۔دنیا کی کوئی بھی ٹیم پاکستان ٹیم کو آسان نہیں لیتی اور انہیں اس بات کا بخوبی علم ہے کہ پاکستانی ویمن ٹیم کے خلاف میچ جیتنا آسان نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ سائوتھ افریقہ سمیت ہر ٹیم کے خلاف میچ کے لئے بھرپور تیاری کی ہے ۔ہر میچ کو فائنل سمجھ کر کھیلیں گے۔تمام ویمن کرکٹرز جیت کے لئے پرعزم ہیں ۔

متعلقہ عنوان :