سپر کبڈی لیگ سے ملک میں ثقافتی کھیل کو فروغ ملے گا، رانامحمد سرور

جمعہ 23 جون 2017 13:20

سپر کبڈی لیگ سے ملک میں ثقافتی کھیل کو فروغ ملے گا، رانامحمد سرور
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جون2017ء) پاکستان کبڈی فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل رانا محمد سرور نے کہا ہے کہ سپر کبڈی لیگ سے ملک میں ثقافتی کھیل کو فروغ ملے گا۔ اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کبڈی فیڈریشن کے زیراہتمام سپر کبڈی لیگ ستمبر میں اسلام آباد میں کھیلی جائے گی۔ سپر کبڈی لیگ کی تیاریاں زور و شور پر ہیں اور پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار سپر کبڈی لیگ منعقد ہورہی ہے اور لیگ میں آٹھ ٹیمیں شرکت کریں گی۔

یہ لیگ ایشین سٹائل کی بنیاد پر کھیلی جائے گی اور آئندہ برس ایشین گیمز منعقد ہوگی جس میں پاکستان کو بہت فائدہ پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ لیگ کے دوران سلیکشن کمیٹی لیگ میں اچھی کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کا انتخاب کرے گی جن کو بعد تربیتی کیمپ کے لئے بلایا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سپر لیگ سے اسلام آباد کے شہریوں کو تفریحی کا موقع ملے گا جس سے شائقین لطف اندوز ہونگے۔

انہوں نے کہا کہ قومی انٹر ڈیپارٹمنٹ ایشین سٹائل کبڈی چیمپئن شپ 2 سے 6 اگست تک لیاقت جمنازیم میں کھیلی جائے گی۔ چیمپئن شپ میں ملک بھر سے 8 محکموں کی ٹیمیں حصہ لیں گی جن میں پاکستان آرمی، پاکستان نیوی، پاکستان واپڈا، پاکستان ایئرفورس، پاکستان پولیس، پاکستان ریلوے، سوئی نادرن گیس اور ہائرایجوکیشن کمیشن کی ٹیمیں شامل ہیں، ان ٹیموں کو دو گروپوں میں تقسیم کیا جائے گا، ایک سوال کے جواب میں رانا سرور نے کہا کہ کبڈی ہمارا ثقافتی کھیل ہے اور حکومت کو چاہئے اس کھیل پر خصوصی توجہ دے تاکہ یہ کھیل بھی دوبارہ زندہ ہو، ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ آئندہ عالمی کبڈی چیمپئن شپ پاکستان میں کھیلی جائے جس کے لئے پنجاب سپورٹس بورڈ سے فیڈریشن کا رابطہ ہے اور جس طرح پنجاب سپورٹس بورڈ کی جانب سے عالمی کبڈی کپ منعقد کروانے کا گرین سگنل ملے گا اس وقت ہی ایونٹ کی تیاری کے سلسلہ میں کام شروع کر دیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :