وزیر داخلہ ذمہ داریاں چھوڑ کر وزیر اعلیٰ کا ڈرائیور بن جائے تو دہشت گرد آزاد ہوتے ہیں، نیئر حسین بخاری

جمعہ 23 جون 2017 14:21

وزیر داخلہ ذمہ داریاں چھوڑ کر وزیر اعلیٰ کا ڈرائیور بن جائے تو دہشت ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 جون2017ء) سابق چیئرمین سینیٹ اور پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل سید نیئر حسین بخاری نے کوئٹہ بم دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب وفاقی وزرا ء ریاستی امور چھوڑ کر نوازشریف خاندان کے ترجمان اور وفاقی وزیر داخلہ نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کیلئے اپنی ذمہ داریاں چھوڑ کر بدعنوانی کی تحقیقات کا سامنے کرنے والے وزیر اعلیٰ کا ڈرائیور بن جائے تو شہری اور ادارے غیر محفوظ ہونے سے دہشت گرد کھلے عام کارروائیوں میں آزاد ہوتے ہیں ۔

(جاری ہے)

نیئر حسین بخاری نے کہا کہ اپریشن ضرب عضب اور اپریشن ردالفساد کے مکمل نتائج نہ ملنے کی بنیادی وجہ نیشنل ایکشن پلان پر من وعن عملدآمد نہ ہونا ہے ۔ نیئر بخاری نے تجویز دی ہے کہ دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑنے کیلئے پارلیمان میں کھلی بحث کے ذریعے متفقہ لائحہ عمل تیار کرے۔ نیئر بخاری نے دھماکے میں شہید ہونے والوں کے ورثا سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین کے صبر جمیل کی دعا کی ۔