میٹرو پولیٹین کارپوریشن اور سی ڈی اے کے تمام شعبوں کو مالیاتی اور انتظامی طور پر مستحکم کرنے کا عمل جاری ہے،شیخ انصر عزیز

جمعہ 23 جون 2017 18:24

میٹرو پولیٹین کارپوریشن اور سی ڈی اے کے تمام شعبوں کو مالیاتی اور انتظامی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جون2017ء) میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز نے کہا ہے کہ خود انحصاری کی پالیسی پر عمل پیرا ہو کر میٹرو پولیٹین کارپوریشن اور سی ڈی اے کے تمام شعبوں کو مالیاتی اور انتظامی طور پر مستحکم کرنے کا عمل جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایم پی او جیسے اہم شعبے کو فعال کر کے نہ صرف شہر بھر میں تقریباً 116 کلومیٹر سٹرکوں کی تعمیر و مرمت اور کارپیٹنگ کا کام کیا گیا بلکہ ہماری کوشش ہے کہ دستیاب وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے تمام منصوبوں کو تخمینے سے بھی کم لاگت میں مکمل کر کے قومی خزانے میں خاطر خواہ بچت کی روایت ڈالی جائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایم پی او ڈائریکٹوریٹ کے زیر اہتمام افطار ڈنر کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر سی ڈی اے اورمیٹرو پولیٹین کارپوریشن کے متعلقہ سینئر افسران اور ملازمین بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے کہا کہ اسلام آباد کی تعمیر و ترقی کی ذمہ داری سنبھالنے کے بعد ایم پی او ڈائریکٹوریٹ کو فعال کر کے مختلف سڑکوں بشمول شاہراہِ دستور، پیر سوہاوہ، جی ایٹ رائونڈ ابائوٹ، سیکرٹریٹ بلاکس، سیکٹر D-12 ،کنونشن سینٹر ، ڈپلومیٹک انکلیو، سروس روڈ (نارتھ ) سیکٹر E-11 ، خیابانِ سہروردی، سرینا چوک، وی آئی پی لوپ فیض آباد ، خیابانِ اقبال اور مارگلہ روڈ سمیت شہر کی مختلف سڑکوں کی 116کلومیٹر سڑکوں کی کارپیٹنگ کی گئی ۔

یہ کارپیٹنگ اگر دیگر اداروں سے کروائی جاتی تو اس پر تقریباً295 ملین روپے لاگت آتی تاہم دسیتاب وسائل کے موثر استعمال اور خود انحصاری کی پالیسی کو اپناتے ہوئے ایم پی او ڈائریکٹوریٹ سے یہ کام کروایا گیا جس سے تقریبا 190 ملین روپے کی بچت کی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف کی سربراہی میں وفاقی حکومت خود انحصاری کی پالیسی پر گامزن ہے اور یہ امر قابلِ ستائش ہے کہ سی ڈی اے اور ایم سی آئی بھی اسی روش پر چلتے ہوئے اپنے دستیاب وسائل کو بروئے کار لا کر وفاقی دارالحکومت کو ایک ماڈل شہر بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔

متعلقہ عنوان :