جمہوریت پر شب خون مارنے کی ہر سازش ناکام بنائیں گے،عمران گورائیہ

جمعہ 23 جون 2017 17:57

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جون2017ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) لاہور کے سیکرٹری اطلاعات و نشریات عمران علی گورائیہ نے کہاہے کہ جیسے ہی ملک ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہوتا ہے بعض نادیدہ قوتیں سازشوں کے تانے بانے بننے شروع کردیتی ہیں، ماضی کا دور گزر چکا ہے اب پاکستان کے باشعورعوام اور مسلم لیگی کارکن جمہوریت پر شب خون مارنے کی ہر سازش ناکام بنائیں گے اورموجودہ حکومت اسی جوش و جذبے کے ساتھ کام کرتی رہے گی ۔

عمران گورائیہ نے یہاں راوی روڈ پارٹی آفس میں کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ یہ امر طے شدہ ہے کہ وزیر اعظم محمد نوازشریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے ملک کو بحرانوں سے نکالا اوروطن عزیز کو اقوام عالم میں عزت دلائی ہے جو ہمارے سیاسی مخالفین کو قبول نہیںاس لئے کرپشن کا واویلا کرکے ملک کو ڈی ٹریک کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف عوام کو اپنے صوبوں کی کارکردگی سے بھی آگاہ کریں سند ھ اور کے پی کے میں عوامی مسائل میں اضافہ ہوا ہے اور دونوں صوبوں کی حکومتیں ناکام ہوچکی ہیں ۔عمران گورائیہ نے کہاہے کہ تیسری بار وزیراعظم بننے والے محمد نوازشریف انشاء اللہ پاکستان کو لوڈشیڈنگ سمیت تمام مسائل سے نجات دلائیں گے، پانامہ کے ہنگامے سے کچھ نہیں نکلے گااور مخالفین یونہی ہاتھ ملتے رہ جائیں گے۔ اس موقع پرعمران علی گورائیہ سے مختلف یونین کونسلوں سے پارٹی کارکنوں نے سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا اور مختلف معاملات پر مشاورت ہوئی ۔

متعلقہ عنوان :