مردم شماری کے مطابق نئی حلقہ بندیاں نہ کرنے پر پی ٹی آئی کی پنجاب اسمبلی میں قرار داد

حکمران اپنے ذاتی مقاصد اور دھاندلی کیلئے مردم شماری کے نتائج پبلک نہیں کر رہے ‘شعیب صدیقی

جمعہ 23 جون 2017 19:10

مردم شماری کے مطابق نئی حلقہ بندیاں نہ کرنے پر پی ٹی آئی کی پنجاب اسمبلی ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جون2017ء) پاکستان تحریک انصاف نے حالیہ مردم شماری کے مطابق نئی حلقہ بندیاں نہ کرنے کے حوالے سے پنجاب اسمبلی میں قرار داد جمع کرا دی ہے جس میں ایم پی اے شعیب صدیقی نے مطالبہ کیا ہے کہ ملک بھر میں 15مارچ سے 15مئی تک ہونے والی چھٹی مردم شماری کے اعداد و شمار عوام الناس کے سامنے رکھے جائیں ۔انہوں نے قرار داد میں مطالبہ کیا ہے کہ آبادی کے نئے اعداد و شمار کے مطابق نئی حلقہ بندیاں اور ممبران اسمبلی کا تعین کیا جانا تھا جو آج کے کمپیوٹرائزڈ دور میں ایک انٹری کے ذریعے واضح اور فوری طور پر کیا جا سکتا ہے لیکن حکمران اپنے ذاتی مقاصد اور آئندہ انتخابات میں دھاندلی کرنے کیلئے اس مردم شماری کے نتائج پبلک نہیں کر رہے جس سے عوام الناس میں انتہائی تشویش پائی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

ایم پی اے شعیب صدیقی نے قرار داد میں کہا ہے کہ صوبائی اسمبلی پنجاب کا ایوان وفاقی حکومت سے مطالبہ کرے کہ مردم شماری کے اعداد و شمار کو فی الفور پبلک کیا جائے وگرنہ ملک بھر میں ہونے والی یہ ایکسرسائز بے معنی ہو کر رہ جائے گی شعیب صدیقی نے مزید کہا کہ حکومت پہلے ہی مردم شماری کرنے پر سنجیدہ نہیں تھی اور عدالتی احکامات کے بعد چارو ناچار کی جانے والی مردم شماری کو بھی میچور نہیں کیا جارہا جو انتہائی تشویش کا باعث ہے ۔