پاکستان فیشن ڈیزائننگ کے شعبہ میں فرانس کے تجربہ سے استفادہ حاصل کرسکتا ہے

فرانس میں تعینات پاکستان کے سفیر معین الحق کی پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف فیشن اینڈ ڈیزائن لاہور کی طالبات کے 20 رکنی وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو

جمعہ 23 جون 2017 21:15

پیرس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 جون2017ء) فرانس میں تعینات پاکستان کے سفیر معین الحق نے کہاہے کہ پاکستان کے فیشن ہاسزاور فیشن ڈیزائننگ کے طلبا کو چاہئے کہ وہ فرانس کے فیشن ڈیزائننگ کے شعبہ میں وسیع تجربہ سے استفادہ حاصل کریں تاکہ وہ فیشن کی دنیا میں جدید رحجانات اور اس میں نت نئی تخلیقات سے لیس ہو کر تیزی سے تبدیل ہوتی ہوئی فیشن انڈسٹری کا ساتھ دے سکیں۔

وہ پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف فیشن اینڈ ڈیزائن لاہور کی طالبات کے 20 رکنی وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کررہے تھے جنہوں نے گذشتہ روز سفارت خانہ پاکستان کا دورہ کیا تھا۔ سفیر پاکستان نے کہا کہ پاکستان نے فیشن کی دنیا میں انتہائی تیزی سے ترقی کی ہے اور فیشن کی دنیا میں ٹیکسٹائل اور فیشن کے شعبوں میں نئے رحجانات اور برانڈز کو متعارف کرایا ہے جس سے پاکستان کے فیشن ڈیزائنر کی مہارت اور تخلیقی صلاحیتوں میں اضافہ ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

سفیر پاکستان نے پیرس آنے سے پہلے اپنے پی آئی ایف ڈی کے دورے کے دوران حاصل ہونے والے تجربات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پی آئی ایف ڈی کا قیام فرانسیسی ڈیزانر اولیور لاپیدس کی کاوشوں کا نتیجہ بھی ہے۔ انہو ں نے پی آئی ایف ڈی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ سفارت خانہ پاکستان جلد ہی پی آئی ایف ڈی کے طلبہ کے فیشن ڈیزائنگ کے فن پاروں کو پیرس میں متعارف کروائے گا جو کہ سفارت خانہ کی عوامی سفارت کاری کے وسیع تر پرگرام کا ایک حصہ ہے۔

سفیر پاکستان نے امید ظاہر کی کہ طلبہ کو فرانس کے دورہ کے دوران اپنی صلاحیتوں کو نکہارنے کا موقع ملے گا جو کہ ان کی تعلیم اور مستقبل میں ان کے کیئریر میں مدد گار ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ان روابط سے فرانسیسی ڈیزائنگ کے سکول پاکستان کے ڈیزائنگ کے شعبوں کو فرانس میں متعارف کروانے کا بھی ذریعہ بن سکتا ہے۔ طلبا کا 20 رکنی تربیتی وفد اپنے 2 اساتدہ کے ہمراہ ایکول ڈی لا چیمبرسمدیکل دی لاکوتغ پیرس فرانس کا بھی دورہ کرے گا۔

متعلقہ عنوان :