کوئٹہ میں ایم پی اے مجید اچکزئی کی گاڑی سے ٹریفک پولیس اہلکار کی ہلاکت، مقدمہ نامعلوم افراد کیخلاف درج کرنے اور معاملے کو دبانے کی کوشش پر ایم کیوایم (پاکستان ) کے اراکین سندھ اسمبلی کااظہا رمذمت

جمعہ 23 جون 2017 22:49

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 جون2017ء) متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان ) کے اراکین سندھ اسمبلی نے کوئٹہ میں ایم پی اے مجید اچکزئی کی گاڑی سے ٹریفک پولیس اہلکار کی ہلاکت پر گہرے دکھ اور فسوس کااظہا رکیا ہے اور ایم پی اے مجید اچکزئی کے بجائے مقدمہ نامعلوم افراد کے خلاف درج کرنے اور اس معاملہ کو دبانے کی کوشش کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے ۔

اپنے مشترکہ بیان میں انہوں نے کہاکہ ایم پی اے مجید اچکزئی کی گاڑی نے جس طرح سے ٹریفک اہلکار کو کچلا ہے وہ انتہائی سفاکانہ عمل ہے اور اس پر ایم پی اے مجید اچکزئی کے بجائے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرنا آئین و قانون کی دھجیاں اڑانے کے مترادف ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ملک کا قانون سب کیلئے مساوی ہے لیکن ایم پی ای کی گاڑی سے ٹریفک پولیس اہلکار کی ہلاکت کے بعد معاملہ کو جس طرح سے دبایا جارہا ہے وہ ملک بھر کے عوام کا قانون پر بھروسہ توڑنا ہے اور ملزم کوکھلا تحفظ دیکر مظلوم ٹریفک پولیس اہلکار کے لواحقین پرکھلی نمک پاشی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے ایم پی اے کی گاڑی سے کچل کر ہلاک ہونے والے ٹریفک پولیس اہلکار کے تمام سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہا رکرتے ہوئے انہیں صبر کی تلقین کی اور کہاکہ وہ انصاف کے حصول سے ہرگز مایوس نہ ہوں ۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مظلوم ٹریفک پولیس کے درجات بلند فرمائے اورسوگواران کو صبر جمیل عطاکرے ۔ اراکین سندھ اسمبلی نے وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری سے مطالبہ کیا کہ مظلوم ٹریفک پولیس اہلکار کے لواحقین کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے ، ٹریفک پولیس اہلکار کے لواحقین کو فی الفور معاوضہ کی ادائیگی کی جائے اور اس میں ملوث ایم پی اے مجید اچکزئی کا آئین و قانون کے مطابق سخت محاسبہ کرکے قرار واقعی سزا دی جائے ۔ #