حدیبیہ ملز کیس کے حوالے سے کئی بار تحقیقات ہو چکی ہیں،شریف خاندان کے خلاف کچھ بھی ثابت نہیں ہوا،ہمیں احتساب سے کسی قسم کا کوئی خوف نہیں کیونکہ ہمارا دامن صاف ہے،وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور ڈاکٹر سید آصف سعید کرمانی کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

جمعہ 23 جون 2017 23:20

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جون2017ء) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور ڈاکٹر سید آصف سعید کرمانی نے کہا ہے کہ حدیبیہ ملز کیس جنرل (ر) پرویز مشرف کے دور میں ہائی کورٹ نے ختم کر دیا تھا۔ جمعہ کو ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حدیبیہ ملز کیس کے حوالے سے کئی بار تحقیقات ہو چکی ہیں لیکن ان تحقیقات سے شریف خاندان کے خلاف کچھ بھی ثابت نہیں ہوا۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں احتساب سے کسی قسم کا کوئی خوف نہیں کیونکہ ہمارا دامن صاف ہے۔

(جاری ہے)

ہم نے بارہا مرتبہ خود کو احتساب کے لیے پیش کیا اور یہی وجہ ہے کہ پاناما پیپرز میں وزیراعظم محمد نواز شریف کا نام کہیں بھی موجود نہ ہونے کے باوجود انہوں نے خود کو اور اپنے خاندان کو احتساب کے لیے پیش کر کے ملکی تاریخ میں ایک مثال قائم کر دی ہے۔ معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ نیب کو ماضی میں بھی اس کیس سے کچھ نہیں ملا کیونکہ وہ جانتے تھے کہ اس میں کچھ موجود ہی نہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما رحمان ملک کے نام کا بھی ذکر پاناما پیپرز میں موجود ہے اور سپریم کورٹ آف پاکستان بھی اپنے ایک فیصلے میں یہ کہہ چکی ہے کہ رحمان ملک صادق اور امین نہیں۔