انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کا ورلڈ الیون ٹیم کے دورہ پاکستان کی حمایت کا اعلان

پلان کے تحت پاکستان رواں سال کے آخر میں لاہور میں ورلڈ الیون کے خلاف تین ٹی ٹونٹی میچز کی میزبانی کرے گا

ہفتہ 24 جون 2017 17:44

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کا ورلڈ الیون ٹیم کے دورہ پاکستان کی حمایت کا ..
لندن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جون2017ء) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی میں مدد کے سلسلے میں ورلڈ الیون ٹیم کے رواں برس دورہ پاکستان کی حمایت کر دی۔ طے شدہ پلان کے تحت پاکستان رواں برس کے آخر میں لاہور میں ورلڈ الیون کے خلاف تین ٹی ٹونٹی میچوں کی میزبانی کرے گا۔ آئی سی سی نے لندن میں منعقدہ بورڈ کے سالانہ اجلاس میں اس تجویز کی حمایت کا فیصلہ کیا۔

(جاری ہے)

آئی سی سی کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق بورڈ کے سالانہ اجلاس کے دوران یہ تجویز سامنے آئی اور سب نے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کی حمایت کی جس کے بعد ہم نے رواں برس ورلڈ الیون ٹیم کو دورہ پاکستان پر بھیجنے کا فیصلہ کیا اور اس سلسلے میں مزید تفصیلات بعد میں جاری کی جائیں گی۔ واضح رہے کہ 2009ء میں لاہور میں سری لنکن ٹیم بس حملے کے بعد صرف زمبابوے اور افغانستان کی ٹیموں نے پاکستان میں کرکٹ کھیلی ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان نے رواں برس مارچ میں لاہور میں پاکستان سپر لیگ کے فائنل کی کامیاب میزبانی کی تھی جس میں انٹرنیشنل کھلاڑیوں نے بھی شرکت کی تھی۔