انگلینڈ جیتی بازی ہار گیا، جنوبی افریقہ تین رنز سے کامیاب

ہفتہ 24 جون 2017 17:47

انگلینڈ جیتی بازی ہار گیا، جنوبی افریقہ تین رنز سے کامیاب
ٹونٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 جون2017ء) جنوبی افریقہ نے کپتان اے بی ڈی ویلیئرز کی جارحانہ بیٹنگ اور کرس مورس کی عمدہ بالنگ کی بدولت انگلینڈ کو دوسرے ٹی20 میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد تین رنز سے شکست دے کر سیریز برابر کردی۔ٹونٹن میں کھیلے گئے تین میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو ریزا ہینڈریکس کی وکٹ کی صورت میں انہیں جلد ہی کامیابی مل گئی۔

ٹریور اسمٹس اور منگالیسو موسیلے نے اسکور کو 57 تک پہنچایا لیکن اسی اسکور پر موسیلے 15 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔کپتان اے بی ڈی ویلیئرز نے آتے ہی روایتی جارحانہ انداز اپنایا اور تیزی سے اسکور کو آگے بڑھایا البتہ دوسرے اینڈ سے اسمٹس 45 رنز بنانے کے بعد لیام ڈاسن کو وکٹ دے بیٹھے۔

(جاری ہے)

ڈی ویلیئرز نے 20 گیندوں پر تین چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے 46 رنز کی اننگز کھیلی لیکن جنوبی افریقہ کو برا دھچکا اس وقت لگا جب ڈی ویلیئرز اور ڈیوڈ ملر دونوں یکے بعد دیگرے پویلین لوٹ گئے۔

اختتامی اوورز میں فرحان بہاردین نے 21 گیندوں پر 32 رنز کی اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو معقول مجموعے تک رسائی دلائی۔جنوبی افریقہ نے مقررہ اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 174 رنز بنائے۔جواب میں انگلش ٹیم ابتدا میں ہی سیم بلنگز کی خدمات سے محروم ہو گئی لیکن جیسن رائے اور جونی بیئراسٹو آج کسی اور ہی موڈ میں تھے اور دونوں کھلاڑیوں نے جنوبی افریقی بالرز کی خوب خبر لی۔

دونوں کھلاڑیوں نے 110 رنز کی شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کو جیت کیلئے بہترین پلیٹ فارم فراہم کیا لیکن دونوں کھلاڑیوں کے یکے بعد دیگرے پویلین لوٹنے سے انگلش ٹیم مشکلات سے دوچار ہو گئی۔کرس مورس نے 47 رنز بنانے والے بیئراسٹو کو پویلین لوتایا تو دوسرے اینڈ سے 45 گیندوں پر 67 رنز بنانے والے رائے فیلڈر کی جانب سے پھینکے جانے والی تھرو کے بیچ میں آنے کے مرتکب قرار پائے اور انہیں آبسٹرکٹنگ دی فیلڈ کے قانون کے تحت آٹ قرار دیا گیا۔

رائے ٹی20 کرکٹ میں اس قانون کے تحت آٹ قرار دیے جانے والے دنیا کے پہلے کرکٹر ہیں۔دو کامیابیوں کے بعد جنوبی افریقہ نے بہترین انداز میں واپسی کی اور انگلش ٹیم آخری 30 گیندوں پر 42 رنز بھی نہ بنا سکی۔انگلینڈ نے چھ وکٹ کے نقصان پر 171 رنز بنائے اورجنوبی افریقہ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد تین رنز سے فتح اپنے نام کر کے تین میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کردی۔کرس مورس کو 18 رنز کے عوض دو وکٹیں لینے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

متعلقہ عنوان :