وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے آئی جی ایف سی بلوچستان میجر جنرل ندیم احمد انجم کا ٹیلیفون پررابطہ

ایف سی بلوچستان کی جانب سے کی جانے والی اہم کارروائی میں حاصل ہونے والے بڑی کامیابی سے متعلق بریفنگ دی گئی موثر حکمت عملی سے کوئٹہ کا واقعہ روکا جا سکتا تھا یا کم از کم ایسی تدابیر اختیار کی جا سکتی تھیں جس سے نقصان کم سے کم ہو،چودھری نثار

ہفتہ 24 جون 2017 20:04

وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے آئی جی ایف سی بلوچستان میجر جنرل ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جون2017ء) وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے آئی جی ایف سی بلوچستان میجر جنرل ندیم احمد انجم نے ٹیلیفون پررابطہ کیاہے، گذشتہ دنوں ایف سی بلوچستان کی جانب سے کی جانے والی اہم کاروائی میں حاصل ہونے والے بڑی کامیابی سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ ایف سی کی جانب سے کوئٹہ کے نواحی علاقے میں کی جانے والی کامیاب کاروائی میں ایک دہشت گرد تنظیم کے دو سینئر اور خطر ناک ترین دہشت گرد ہلاک ، ہلاک ہونے والے دہشت گرد نذر محمد عرف بیبرگ اور محمد جان عرف چھوٹا لیلا قائد اعظم ریذیڈنسی، کوئٹہ ریلوے ٹریک، کوئٹہ ایکسپریس اور قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں پر حملوں جیسے متعدد دہشت گرد کاروائیوں میں ملوث تھے ۔

وزیر داخلہ نے کامیاب کاروائی پر ایف سی کے جوانوں کی کارکردگی کو سراہا ۔

(جاری ہے)

آئی جی ایف سی نے گذشتہ روز ایک ممبر صوبائی اسمبلی کی گاڑی کی بلوچستان پولیس کے سپاہی سے ٹکر کے واقعے سے متعلق بھی بریفنگ دی ۔ وزیر داخلہ نے واقعے سے متعلق اب تک کی جانے والی قانونی کاروائی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ گذشتہ روز کوئٹہ میں دہشت گردی کے واقعے پر بھی گفتگو کی گئی۔چودھری نثارنے کہاکہ یہ انتہائی افسوس ناک امر ہے کہ موثر حکمت عملی سے یہ واقعہ روکا جا سکتا تھا یا کم از کم ایسی تدابیر اختیار کی جا سکتی تھیں جس سے نقصان کم سے کم ہو۔