آئی سی سی نے انٹرنیشنل کرکٹ میں نئے قوانین کی منظوری دے دی

ایمپائرز کو جھگڑا کرنے والے کھلاڑیوں کو میدان سے باہر بھیجنے کا اختیار مل گیا، ایمپائر کال پر ایل بی ڈبلیو ریویو ضائع نہیں ہو گا، تمام ٹی ٹونٹی میچز میں ڈی آر ایس استعمال ہو گا، نئے قوانین کا اطلاق یکم اکتوبر سے ہو گا

ہفتہ 24 جون 2017 20:31

آئی سی سی نے انٹرنیشنل کرکٹ میں نئے قوانین کی منظوری دے دی
لندن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جون2017ء) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے انٹرنیشنل کرکٹ میں نئے قوانین کی منظوری دے دی، فٹ بال کی طرح اب ایمپائرز کرکٹ میں بھی دوران میچ جھگڑا کرنے والے کھلاڑیوں کو میدان سے باہر بھیج سکیں گے، ایمپائر کال پر ایل بی ڈبلیو ریویو ضائع نہیں ہو گا، ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں میں بھی ڈی آر ایس کے نفاذ کی منظوری دی گئی ہے، نئے قوانین کا اطلاق رواں برس یکم اکتوبر سے ہو گا۔

آئی سی سی نے لندن میں منعقدہ سالانہ جنرل اجلاس میں انٹرنیشنل کرکٹ میں نئے قوانین کی منظوری دی۔ آئی سی سی کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق ورلڈ گورننگ باڈی کے سالانہ جنرل اجلاس میں انٹرنیشنل کرکٹ میں نئے قوانین کی باضابطہ طور پر منظوری دی گئی ہے جن میں ایمپائرز کو یہ اختیار مل گیا ہے کہ وہ دوران میچ جھگڑا کرنے والے کھلاڑیوں کو میدان بدر کر سکیں گے، دیگر واقعات پر موجودہ کوڈ آف کنڈیکٹ کے تحت ہی سزا دی جائے گی، اس کے علاوہ اب ٹیموں کا ایمپائر کال پر ایل بی ڈبلیو ریویو بھی ضائع نہیں ہو گا، اس کے علاوہ تمام انٹرنیشنل میچز میں ڈی آر ایس کے نفاذ کی بھی منظوری دی گئی ہے جس کے بعد اب ٹیسٹ کرکٹ میں 80 اوورز بعد نئے ریویو ملنا بند ہو جائیں گے۔

(جاری ہے)

کھیل میں بلے اور گیند کے توازن کو برقرار رکھنے کیلئے بلے کے سائز کی حد مقرر کرنے کا بھی فیصلہ کر لیا گیا ہے، رن آئوٹ کے قانون میں بھی تبدیلی کی گئی ہے، ایک بار کریز کے پار بیٹ رکھنے یا جسم کا کوئی بھی حصہ پہنچنے کے بعد رن مکمل ہو جائے گا۔ نئے قوانین کا اطلاق یکم اکتوبر سے ہو گا۔

متعلقہ عنوان :