فلسطین سے اظہار یکجہتی ،پاک ایران فیڈریشن آف ٹریڈ اینڈ کلچر کی جانب سے فلسطین کانفرنس کا اہتمام

ہفتہ 24 جون 2017 20:33

اسلا م آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 جون2017ء) فلسطین سے اظہار یکجہتی کے لئے پاک ایران فیڈریشن آف ٹریڈ اینڈ کلچر کی جانب سے فلسطین کانفرنس کا اہتمام مارکو پولو ہوٹل میں کیا گیا ۔ جس میں نامور شخصیات، حاضرین کی ایک بڑی تعداد اور اقلیتی برادری(ہندو، عیسائی) سے تعلق رکھنے والے حضرات نے شرکت کی ۔ کانفرنس کی صدارت ایران پاک فیڈریشن آف کلچر اینڈ ٹریڈ کے صدر خواجہ حبیب الرحمان نے کی۔

تقریب سے جاوید اکبر ساقی صدر تحریک وحدت اسلامی، مولانا حیدر علی موسوی خطیب مسجد شیعیان کشمیریاں، خواجہ شکیل چئیرمین فوڈسٹریٹ لاھور، لعل مھدی خان جنرل سیکٹری امامیہ آرگنائزیشن پاکستان،پیر جان علی شاہ صاحب صدر جمعیت علمائے پاکستان نیازی پنجاب، محمد حسین گولڑوی صدر اتحاد سنی علما کونسل، علامہ رائے مزمل، امجد حسین چشتی جنرل سیکریٹری جمعیت علمائے پاکستان(نیازی)، شہزاد منشی مسیح ممبر پنجاب اسمبلی،پنڈت بگھت لال پنڈت مندر نیلا گندنے خطاب کیا۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ امام خمینی ؒنے جمعة الوداع کے دن کو یوم القدس قرار دے کر استعمار کی سازشوں کو نقش برآب ثابت کردیا ۔ جمعة الوداع کے دن یوم القدس منانے کے اعلان نے دنیا بھر میں ایک بار پھر فلسطین کے مسئلے کو زندہ کردیا۔ آج بحیثیت مسلمان ہم پر لازم ہے کہ جمعة الوداع یوم القدس کی ریلیوں میں بھرپور شرکت کریں ۔

اورفلسطینی بھائیوں کے حق میں صدائے احتجاج بلند کریں۔اور اس دن کو معمولی نہ سمجھیں ۔یہ بات امت مسلمہ کو خون کے آنسو رلاتی ہے وہ علاقے کے عرب ممالک کے حکمرانوں کا منافقانہ رویہ ہے ۔ عرب ممالک کے سربراہ یوں تو اپنے ہر مسئلے کو عربوں کا مسئلہ قرار دے کر اسکے لئے شب و روز کوششیں کرتے ہیں اور پورے عالم اسلام کو اپنی مظلومیت کا ڈھنڈورا پیٹ کر مدد مانگتے ہیں۔

لیکن فلسطین کے مسئلے پر ان کا رویہ ہمیشہ منافقانہ رہا ہے ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاک ایران فیڈریشن آف ٹریڈ اینڈ کلچر کے صدر خواجہ حبیب الرحمان نے کہا کہ مسئلہ فلسطین پر عالمی اداروں کی خاموشی ، عرب حکمرانوں کا منافقانہ رویہ انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کے دوہرے معیار اور عالمی برادری کی عدم توجہ اس بات کا تقاضا کرتی ہے کہ امت مسلمہ اتحاد و وحدت اور اسلامی یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فلسطین کے مسئلے کے حل کے لئے میدان عمل میں آجائے ۔

یاد رہے کہ غاصب اسرائیل نے 1948 سے فلسطین پر قبضہ کر ر کھا ہے اور کہ حضرت امام خمینی کی دور اندیش قیادت نے فلسطین کے مسئلے کو عالمی اور تمام امت مسلمہ کا مشترکہ مسئلہ قرار دینے کے لئے رمضان المبارک کے آخری جمعہ کو دنیا بھرمیں فلسطینی مظلوموں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے یوم القدس منانے کا اعلان کیا۔

متعلقہ عنوان :