جماعت اسلامی کے تحت ناظم آباد اور گلبہار میں 2000سے زائد ضرورت مندبچوںمیں عید کے جوڑے تقسیم کیے گئے

’تقریب تحفہ عید ‘ میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد میں شر کت ،بچوں کی تفریح کے لیے جھولے بھی لگائے گئے نظم و ضبط کے ساتھ اور عزت نفس مجروح کیے بغیر عید گفٹ کی تقسیم قابلِ تقلید کوشش ہے ،حافظ نعیم الرحمن کی میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 24 جون 2017 21:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جون2017ء) جماعت اسلامی ناظم آباد و گلبہار زون اور الخدمت کے تعاون سے ناظم آباد اور گلبہار کے مستحق اور ضرورت مند بچوں میںتقریباً2000کے جوڑے تقسیم کیے گئے ۔اس سلسلے میں عید گاہ گرائونڈ سے متصل سروس روڈ پرانتہائی منظم و پرقار ’’تقریب تحفہ عید ‘‘منعقد ہو ئی۔تقریب میں خواتین اور بچوں سمیت بڑی تعداد نے شر کت کی اور عید گفٹ حاصل کیے ۔

تقریب میں شریک بچوں کے لیے مختلف اقسام کے جھولے بھی لگائے گئے تھے اور عید گفٹ حاصل کر نے والوں کو پہلے سے ٹوکن جاری کیے گئے تھے جنہیں مختلف اسٹالوں سے گفٹ دیئے گئے جبکہ خواتین اور بچیوں کے لیے مفت مہندی لگوانے کا اسٹال بھی لگایا گیا تھا ۔ امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے مختلف اسٹالز کا دورہ کیا اور اسٹالز میں موجود کارکنان کی کوششوں اور جذبوں کو سراہااور انہیں خراج تحسین پیش کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پرامیر ضلع وسطی منعم ظفر ،جماعت اسلامی کراچی کے سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری ،پبلک ایڈ کمیٹی کے جنرل سکریٹری نجیب ایوبی ،امیر زون سہیل زیدی ،سیکریٹری زون رضی حسن ، مظفر حسن اور دیگر بھی موجود تھے ۔امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اہل خیر کے تعاون اور اپنی مدد آپ کے تحت ناظم آباد وگلبہار زون کی یہ کوشش قابل تعریف اور قابل تقلید ہے ۔

یہاں انتہائی نظم و ضبط کے ساتھ تقریباً 2000 عید گفٹ اس طرح تقسیم کیے گئے کہ کسی کی عزت نفس بھی مجروح نہیں ہوئی اور لوگوں نے اپنا ٹوکن دے کر آسانی سے گفٹ حاصل کر لیا۔انہوں نے کہا کہ آج کے دور میںیہ بڑی خدمت کا کام ہے۔ ہمیں اپنے ارد گرد موجود ضرورت مندوں کی ہر ممکن مدد کر نی چاہیئے۔ جماعت اسلامی اقتدار میں ہو یا نہ ہو ہر صورت عوام کی خدمت جاری رکھے گی ۔

انہوں نے کہا کہ ماہ رمضان میں کراچی میں دہشت گردی کا بڑا واقعہ ہواہے جس میں چار پولیس اہلکاروں کو فائرنگ کر کے شہید کردیا گیاجبکہ پارا چنار اور کوئٹہ میں بھی دہشت گردی کے واقعات ہوئے ہیں ۔ان کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ حکومت جلد ازجلد واقعات میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کاروائی کرے اور انہیں کیفر کردار تک پہنچائے ۔

انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک نے اپنا قبلہ درست نہیں کیا ماہ رمضان کے بابرکت مہینے میں بھی سحرو افطار کے موقع پر لوڈشیڈنگ کر کے شہریوں کو اذیت و پریشانی میں مبتلا رکھا ، نیپرا صرف رپورٹ پیش نہ کرے بلکہ کے الیکٹرک کے خلاف جرمانہ عائد کرے اور اس بات کا پابند کرے کہ تمام پاور پلانٹس چلا کر عوام کو اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے عذاب سے نجات دلائے ۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ حکومت فوری طور پر کے الیکٹرک کی نج کاری ختم کر کے قومی تحویل میں لے اور عوام سے اربوں روے ناجائز طور پر وصول کرنے والوں کے خلاف کاروائی کرے اور عوام سے لوٹی ہوئی رقم واپس دلوائے ۔

متعلقہ عنوان :