کوئٹہ, عوام 15 جولائی کو حلقہ این ای260 پر پشتونخوا میپ کے نامزد امیدوار کو اپنا ووٹ دے کر کامیاب کرائی,جمال خان ترہ کئی

پشتونخوامیپ نے ہمیشہ اصولوں پر مبنی سیاست کی ہے اور سیاست میں جمہوری روایات کو پروان چڑھاہے , مقر ر ین کا جلسہ سے خطا ب

ہفتہ 24 جون 2017 21:46

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 جون2017ء) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری و الیکشن سیل آرگنائزر پی بی 6 یوسف خان کاکڑ،حلقہNA260 سے پشتونخوا میپ کے نامزد امیدوار جمال خان ترہ کئی،فاروق صاحب، راحت بازئی ڈاکٹر صلاالدین،حاجی اللہ داد سلطان زئی،اکرم خلجی،عمر شاہ آفریدی،سمیع صاحب نے نواں کلی میں حلقہ این اے 260 کی انتخابی مہم کے سلسلے میں ایک بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام 15 جولائی کو حلقہ این ای260 پر پشتونخوا میپ کے نامزد امیدوار کو اپنا ووٹ دے کر کامیاب کرائے۔

انہوںنے کہا کہ پشتونخوامیپ نے ہمیشہ اصولوں پر مبنی سیاست کی ہے اور سیاست میں جمہوری روایات کو پروان چڑھاہے ۔ اور بلا امتیاز خدمت پشتونخوامیپ کی سیاست کا بنیادی نقطہ ہے ۔

(جاری ہے)

پشتونخوامیپ نے گزشتہ چار سالوں کے دوران انتہائی محدود وسائل میں حلقہ پی بی6میں عوامی مسائل کو بہترین انداز میں اجاگر کرکے اسے حل کیا ہے ۔ بالخصوص نواں کلی مین روڈ کی معیاری تعمیر جو کہ عرصہ دراز سے عوام کیلئے درد سر بن چکا تھا پشتونخوامیپ نے روڈ کی مکمل تعمیر کرکے عوام کا ایک بڑا مسئلہ حل کردیا ہے اور ساتھ ہی ساتھ علاقے میں عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے ٹھوس اقدامات کیئے گئے ہیں اب تک 100سے زائد نئے ٹیوب ویل لگا کر ہزاروں گھروں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کردی گئی ہے ۔

جس سے عوام کو کافی حد تک ٹینکرز مافیا سے نجات مل گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پشتونخوامیپ نے روز اول سے تعلیم کو اپنی ترجیحات میں سرفہرست رکھا ہے یہی وجہ ہے کہ حلقہ پی بی 6میں 100سے زائد سکولوں میں ہر قسم کی بنیادی تعلیمی ضروریات کو پورا کردیا گیا ہے جس سے ہزاروں طلباء مستفید ہورہے ہیں ۔ اس کے علاوہ 30نئے سکول بنا کر سکولوں کی کمی کو کافی حد تک پورا کیا گیا ہے ۔

اور درجنوں سکولوں کی اپ گریڈیشن کر دی گی ہے ۔ علاقے میں دور داز کی کلیوں میں بجلی کے حوالے سے کافی مسائل حل کیئے گئے ہیں ۔ 80سے زائد دیہاتوں میں بجلی فراہمی کیلئے ٹرانسفارمرز ، بجلی کے کھمبوں اور دیگر بنیادی سامان فراہم کرکے بجلی کی فراہمی ممکن بنا دی گئی ہے ۔ اسی طرح درجنوں زرعی تالابوں کی تعمیر ، پائپ لائنوں کی تقسیم ، واٹر چینلز تعمیر کیئے گئے جس سے عوام میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ حلقہ پی بی6ایک وسیع وعریض اور کوئٹہ کے چاروں اطراف پھیلا ہوا حلقہ ہے جس میں بارانی پانی کو ذخیرہ کرنے کیلئے پشتونخوامیپ اور اس کے ممبران قومی وصوبائی اسمبلی نے 24ڈیمز بنا کر زراعت و پانی کی سطح بحال کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ پشتونخوامیپ نے علاقے میں نادر وغریب مریضوں کو بروقت ہسپتال پہنچانے کیلئے مختلف کلیوں میں ایمبولینس سروس فراہم کرد ی ہے ۔

گزشتہ چار سالوں کے دوارن ہزاروں طلباء کے تعلیمی اخراجات پورا کرنے کیلئے سکالر شپس کی مد میں کروڑوں روپے فراہم کیئے گئے ہیں۔ کھیلوں کے فروغ کیلئے اور کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کیلئے سپورٹس سامان اور سپورٹس کی سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا جس پر کروڑوں روپے خرچ کیئے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ مریضوں کو علاج ومعالجے کیلئے پیسے فراہم کیئے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پشتونخوامیپ اسی جذبے اور ولولے سے عوامی خدمت کو جاری رکھے گی ۔ یہی وجہ ہے کہ مخالفین پشتونخوامیپ کی مثبت سیاست سے بوکھلاہٹ کا شکار ہوچکے ہیں اور منفی پروپیگنڈوں پر اتر آئے ہیں لیکن پشتونخوامیپ اپنی مزل کی جانب بڑھتے ہوئے مخالفین کے منفی پروپیگنڈے پرکان نہیں دھرے گی ۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے قومی سیاسی پارٹی پشتونخوامیپ کے نامزد امیدوار جمال خان ترکئی کو اپنا قیمتی ووٹ دیکر 15جولائی کو ان کے انتخابی نشان ڈالیا پر اپنا مہر ثبت کریں۔

متعلقہ عنوان :