وزیر اعلیٰ پنجاب نے احمد پورشرقیہ میں پیش آنے والے المناک حادثے کی فوری تحقیقات کا حکم دیدیا ہے‘ وزیر قانون

آئل ٹینکر کو آبادی کے بالکل قریب حادثہ پیش آیا ،فوری بعد لوگوں کی بڑی تعدا د برتن اٹھا کر بہنے والے تیل کو اکٹھا کرنے پہنچ گئی ڈی این اے کے ذریعے شناخت کر کے لاشوں کومتاثرین کے حوالے کیا جائیگازیادہ تر زخمی 50 فیصد سے زائد جھلسے ہوئے ہیں‘ رانا ثنا اللہ

اتوار 25 جون 2017 14:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جون2017ء) صوبائی وزیر قانون رانا ثنا اللہ خان نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے احمد پورشرقیہ میں پیش آنے والے المناک حادثے کی فوری تحقیقات کا حکم دیدیا ہے اور اگر اس میں کسی کی کوتاہی ثابت ہوئی تو اسے قرار واقعی سزا دی جائے گی، اطلاعات کے مطابق آئل ٹینکر کو حادثہ آبادی کے بالکل قریب پیش آیا جس کے فوری بعد ہی لوگوں کی ایک بڑی تعدا د برتن اٹھا کر بہنے والے تیل کو اکٹھا کرنے پہنچ گئے اور حادثہ ہوگیا جبکہ مقامی انتظامیہ اور موٹر وے پولیس کویہاں پہنچنے کیلئے کچھ وقت درکار تھا جو لوگ اس مقام سے دور رکھتے ۔

احمد پور شرقیہ میں پیش آنے والے حادثے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر قانون رانا ثنا اللہ خان نے کہا کہ یہ انتہائی افسوسناک اور المناک حادثہ ہے جس میں بہت زیادہ انسانی جانوں کا ضیاع ہوا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے اس واقعے کی فوری تحقیقات کا حکم دیدیا ہے جس میں ہر پہلو سے تفتیش کی جائے گی ۔ یقینی طو رپر دیکھا جائے گاکہ انتظامیہ اور پولیس کو وہاں پہنچنے میں کتنا وقت درکار تھا ۔

لیکن بظاہر یہ واضح ہے کہ آئل ٹینکر بالکل آبادی کے قریب حادثے کا شکار ہوا اور لوگوں کی ایک بڑی تعداد برتن لے کر بہتا ہوا تیل اکٹھا کرنے کے لئے پہنچ گئی جبکہ کچھ لوگ وہاں کھڑے ہو کر دیکھ رہے تھے کہ آئل ٹینکر دھماکے سے پھٹ گیا ۔ انہوں نے کہا کہ اگر تحقیقات میں کسی کی کوتاہی ثابت ہوئی تو اسے اس حادثے کی شدت کے تناسب سے سزا دی جائے گی۔انہوںنے کہا کہ متاثرہ آئل ٹینکر کے ڈرائیور کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور اس سے بھی تفتیش جاری ہے ۔انہوںنے مزید کہا کہ جھلس کر جاں بحق افراد کا ڈی این اے ٹیسٹ کیاجا رہا ہے اورشناخت کر کے لاشوں کومتاثرین کے حوالے کیا جائے گا ۔انہوںنے بتایا کہ زیادہ تر زخمی 50 فیصد سے زائد جھلسے ہوئے ہیں۔