وزیر اعظم اور وزیر اعلی پنجاب آئل ٹینکر میں آتشزدگی و دھماکے کے بعد بے نقاب ہو گئے ہیں ،شاہ محمود قریشی

جنوبی پنجاب کے ساتھ سوتیلی ماں والا سلوک ہو رہا ہے ہسپتالوں میں برن سنٹر ہی نہیں،انٹرویو

اتوار 25 جون 2017 14:11

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 جون2017ء) پاکستان تحریک انصاف کے قومی اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف اور وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف بہاولپور کے علاقے احمد پور شرقیہ میں آئل ٹینکر میں آتش زدگی اور دھماکے کے بعد بے نقاب ہو گئے ہیں ۔ جنوبی پنجاب میں برن سنٹر ہوتے تو درجنوں افراد کی زندگیاں بچائی جا سکتی تھیں ۔

ایک خصوصی انٹرویو میں انہوں نے کہاکہ جنوبی پنجاب کے ساتھ سوتیلی ماں والا سلوک ہو رہا ہے ہسپتالوں میں برن سنٹر ہی نہیں ۔ یہ افواج پاکستان کی مہربانی ہے کہ انہوں نے بروقت مداخلت کر کے متاثرہ جگہوں سے ہیلی کاپٹر کے ذریعے لوگوں کو ہسپتالوں میں منتقل کیا ۔جنوبی پنجاب کے لوگوں کو یہ بات سمجھ آ گئی ہے کہ نواز اور شہباز کبھی بھی ان کے خیر خواہ نہیں ہو سکتے ۔

(جاری ہے)

اس واقعے کے بعد افواج پاکستان نے جنوبی پنجاب کے عوام کے ساتھ جو اظہار یکجہتی کیا اور زخمیوں کو بروقت ہسپتال پہنچایا اس پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں خصوصی طور پر چیف آف آرمی سٹاف کی ہدایت پر جو ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن شروع ہوا اس سے کہیں جانیں بچ گئی ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان نے فوری طور پر ہدایت جاری کی جس کے بعد میں بہاولپور پہنچ گیا ۔ متاثرہ خاندانوں کے ساتھ تحریک انصاف اظہار یکجہتی کرتی ہے اور انہیں ریلیف بھی فراہم کیا جائے گا ۔ ۔