افغان بھارت دوستی ڈیم پر طالبان کا حملہ، 10 پولیس اہلکار ہلاک،متعدد زخمی

حملہ آور افغان پولیس اہلکاروں کے ہتھیار بھی ساتھ لے گئے، جھڑپ میں 4 طالبان بھی مارے گئے،صوبائی پولیس چیف

اتوار 25 جون 2017 14:20

افغان بھارت دوستی ڈیم پر طالبان کا حملہ، 10 پولیس اہلکار ہلاک،متعدد ..
کابل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 جون2017ء) افغانستان کے مغربی صوبہ ہرات میں افغان بھارت دوستی ڈیم پر عسکریت پسندوں کے حملے میں 10 اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔افغان میڈیا کے مطابق واقعہ ہفتے و اتوار کی درمیانی شب پیش آیا جب طالبان نے ضلع چشتی شریف میں سلمی ڈیم کی حفاظتی چوکی پر دھاوا بول دیا اور فائرنگ کر کے 10 اہلکاروں کو ہلاک اور 4 کو زخمی کر دیا، حملہ آور پولیس اہلکاروں کے ہتھیار بھی ساتھ لے کر فرار ہو گئے۔

(جاری ہے)

صوبائی پولیس چیف کے ترجمان گیلانی فرہاد نے بتایا کہ یہ حملہ طالبان نے کیا اور جھڑپ میں 4 طالبان جنگجو بھی مارے گئے۔ زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے، تاہم واقعے کی ذمہ داری تاحال کسی گروپ نے قبول نہیں کی۔واضح رہے کہ گزشتہ سال افغانستان کی حکومت نے سلمی ڈیم کا نام تبدیل کر کے افغان بھارت دوستی ڈیم رکھا تھا جس کا افتتاح 4 جون 2016 کو بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے کیا تھا۔