جنوبی پنجاب کے ساتھ سوتیلوں جیسا سلوک بند کیا جائے ، اگر فوری امدادی کام ہوتے تو جانی نقصان کم ہوتا‘شاہ محمود قریشی

اگر یہ واقعہ تخت لاہور کے قریب پیش آتا تو پوری حکومتی مشینری جائے وقوع پر پہنچ جاتی ،تمام سہولیات مہیا کی جاتیں‘میڈیا سے گفتگو

اتوار 25 جون 2017 18:40

جنوبی پنجاب کے ساتھ سوتیلوں جیسا سلوک بند کیا جائے ، اگر فوری امدادی ..
بہاولپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جون2017ء) تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے سانحہ بہاولپور میں امدادی کارروائیوں میں تاخیر پر حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب کے ساتھ سوتیلوں جیسا سلوک بند کیا جائے ،جنوبی پنجاب کی لاشیں سستی ہیں، اگر فوری امدادی کام ہوتے تو جانی نقصان کم ہوتا۔

احمد پور شرقیہ میں جائے حادثہ کے دورے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے امدادی کارروائیوں میں تاخیر پر حکومت پنجاب پر نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی ہیڈکوارٹر ہونے کے باوجود بہاولپور میں ایک برن یونٹ تک موجود نہیں، جنوبی پنجاب کے ساتھ سوتیلوں سلوک بند کیا جائے، یہ علاقہ کل بھی بنیادی سہولیات سے محروم تھا اور آج بھی محروم ہے۔

(جاری ہے)

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اگر یہ واقعہ تخت لاہور کے قریب پیش آتا تو پوری حکومتی مشینری جائے وقوع پر پہنچ جاتی اور تمام سہولیات مہیا کی جاتیں، جنوبی پنجاب سے منتخب ہونے والے ارکان اسمبلی کہاں سوئے ہوئے ہیں، جن کے پیارے اسپتالوں میں زندگی و موت کی کشمکش کا شکار ہیں وہ پوچھ رہے ہیں کہ حکومت کہاں ہے، فوج نہیں آتی تو ہلاکتوں میں مزید اضافہ ہو سکتا تھا۔جنوبی پنجاب میں اسپتالوں کی کمی سے متعلق سوال پر شاہ محمود قریشی نے کہا کہ حکومت کی ترجیح انسانیت اور صحت نہیں بلکہ میٹرو اور اورنج ٹرین ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم، صحت اور روزگار حکومت کی ترجیحات میں سرے سے شامل ہی نہیں ہے۔

متعلقہ عنوان :