بلاول زرداری کی مسلمانوں کو عیدالفطر کی مبارکباد،پارہ چنار، کوئٹہ، کراچی اور بہاولپور سانحہ کے باعث عید سادگی سے منانے کی اپیل

رمضان المبارک کے مبارک مہینے کے اختتام پر ہمیں یہ عہد کرنا چاہئے ہم پورا سال رواداری اور انسانی اقدار کے فروغ کے لیے اپنی خدمات کو جاری رکھیں گے

اتوار 25 جون 2017 19:40

ْ کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جون2017ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے دنیا بھر کے مسلمانوں کو عیدالفطر کی مبارکباد دی ہے، جبکہ گزشتہ دو دنوں کے دوران پارہ چنار، کوئٹہ اور کراچی میں رونما ہونے والے دہشت گردی کے واقعات اور بہاولپور سانحہ کے باعث عید سادگی سے منانے کی اپیل کی ہے، عیدالفطر کے موقع پر جاری کیے گئے اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ وہ دنیا بالخصوص پاکستان کے مسلمانوں کو عید کی دلی مبارکباد دیتے ہیں، انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے مبارک مہینے کے اختتام پر ہمیں یہ عہد کرنا چاہیئے کہ ہم پورا سال رواداری اور انسانی اقدار کے فروغ کے لیے اپنی خدمات کو جاری رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ انسانی تاریخ میں برائی یا بدی مختلف اشکال میں نمودار ہوئی ہے، موجودہ دور میں اس برائی نے مذہبی کٹرپن اور تعصب کی شکل میں سر اٹھایا ہے اور مذہب کے نام پر لوگوں کا استحصال کیا جاتا ہے، ہمیں متحد ہوکر مذہبی انتہاپسندی کے خلاف لڑنے کی ضرورت ہے جس کے تحت مذہبی تعصب پر مبنی سوچ کو لوگوں پر مسلط کیا جا رہا ہے، ہمیں ان عناصر کے خلاف بھی متحد ہوکر لڑنا ہے جو اپنے مفادات کے حصول کیلئے مذہب کے نام پر لوگوں کا استحصال کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہمیں ان لوگوں کو بھی یاد رکھنا چاہیئے جو مستحق اور نادار ہیں اور جنہوں نے ملک میں قیام امن کیلئے دہشت گردی کے خلاف لڑائی میں قربانیاں دی ہیں ، خدا کرے کہ رمضان کی رحمتیں پورا سال لوگوں کیساتھ رہیں۔